Saturday, May 11, 2024

غربت ہمارا سب سے بڑا چیلنج ہے ، وزیراعظم

غربت ہمارا سب سے بڑا چیلنج ہے ، وزیراعظم
March 17, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا غربت ہمارا سب سے بڑا چیلنج ہے۔ آدھی سے زائد آبادی کو ٹارگٹڈ سبسڈی دینے پر غور کر رہے ہیں۔ اپریل میں فوڈ سکیورٹی سے متعلق نئی سوچ لائیں گے۔

 وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی ڈویژن کے ایڈوائزری پورٹل کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعظم نے خطاب میں کہا آبادی کیلئے فوڈ سکیور کرنے پر سب سے زیادہ زور دینا ہے۔ نیشنل سکیورٹی تو ہو نہیں سکتی جس ملک میں غریبوں کا سمندر ہو۔ غریب طبقے کو اوپر اٹھانا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

 وزیراعظم نے کہا نیشنل سکیورٹی کے اہداف بہت وسیع ہیں۔ ہم پڑوسیوں سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھارت کو قدم اٹھانا پڑے گا۔ افغانستان بہت دیر کے بعد امن کی امید بنا ہے۔ نئی امریکی انتظامیہ بھی افغانستان میں امن کو اہمیت دے رہی ہے۔