Saturday, May 18, 2024

غربت قوم کے لیے بیماری ہے،عمران خان

غربت قوم کے لیے بیماری ہے،عمران خان
March 10, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا غربت قوم کے لیے بیماری ہے۔ عمران خان نے احساس ضلعی ترقیاتی پورٹل ڈیٹا فار پاکستان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا جس ملک میں غریبوں کا سمندر ہو اور تھوڑے سے امیر ہوں وہ کبھی ترقی نہیں کرسکتا۔ ملک کی پہچان امیر سے نہیں غریب عوام سے ہوتی ہے۔ عوام کے پاس پینے کا صاف پانی نہیں ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا پیسہ وہاں چلا جاتا ہے جہاں طاقت ور بیٹھا ہو۔ میں اگر طاقتور ہوں تو سارا پیسہ اپنے حلقے میں کھینچ لوں گا۔ اس سے امیر اور غریب میں فاصلے مزید بڑھتے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا پنجاب کے بجٹ کا 55 فیصد لاہور پر خرچ ہو رہا تھا۔ لاہور ترقی کررہا تھا اور غریب شہر مزید پیچھے جارہے تھے۔ وزیراعظم بولے پیسہ خرچ کرتے ہوئے زمینی حقائق کو مد نظر رکھنا ہو گا۔ اس مقصد کے لیے اعدادوشمار کو مرتب کرنا اہمیت کا حامل ہے۔ پیسہ ضرورت کے تحت جانا چاہئے۔ جن علاقوں کو ضرورت ہو پیسہ وہاں جانا چاہئے۔ اب جو بجٹ بنیں گے پہلی دفعہ میرٹ پر بنیں گے۔ ہمارا غربت کے خلاف جہاد ہے، یہی اصل جہاد ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا بدقسمتی سے عوام پر پیسہ خرچ کرتے وقت زمینی حقائق کو مدنظر نہیں رکھا جاتا۔  ڈیٹا فار پاکستان کے ذریعے پتہ چلے گا پاکستان کے کس حصے میں پیسہ کی ضرورت ہے۔ فیصلہ سازی اور فنڈز مختص کرنے میں یہ اعدادوشمار آسانی فراہم کریں گے۔