Sunday, May 12, 2024

غربت اور بیروزگاری میں تاریخی اضافہ ہوا، بلاول بھٹو

غربت اور بیروزگاری میں تاریخی اضافہ ہوا، بلاول بھٹو
June 11, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کہتے ہیں، غربت اور بیروزگاری میں تاریخی اضافہ ہوا، اس لیے اقتصادی سروے میں ذکر نہیں۔

بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو میں کہا غربت اور بے روزگاری کے اعدادوشمار کو چھپانا مسئلے کا حل نہیں، اقتصادی سروے میں درست نشان دہی نہیں ہوگی تو عوامی مسائل کیسے حل ہوں گے؟۔ عوام مہنگائی اور بے روزگاری کی صورت میں عمران خان کی نا اہلی کی قیمت بھگت رہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ، فنانس منسٹر نے جو بجٹ پیش کیا لگتا ہے کسی اور ملک کا بجٹ ہے، کسی اور ملک کی معیشت کی بات کررہے تھے۔ ایسا ملک جہاں تاریخی غربت، تاریخی مہنگائی اور تاریخی بے روزگاری کا عوام کو سامنا ہو اس ملک کا وزیر اعظم اور وزیرخزانہ اٹھ کر معاشی ترقی کی جو بات کرتے ہیں اس میں زیادہ وزن نہیں ہوتا۔

اُن کا کہنا تھا کہ، بجٹ عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے برابر ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ سیاسی جماعتوں کے اختلافات اپنی جگہ لیکن ہمیں مل کر عوام دشمن بجٹ پر آواز اٹھانی ہے۔ ہم نے ملکر اس بجٹ اور نالائق نااہل حکومت کا مقابلہ کرنا ہے۔ میں نے وعدے کے مطابق اپنے تمام ممبران اسمبلی بجٹ کا راستہ روکنے کے لیے اپوزیشن لیڈر کے حوالے کردئیے ہیں۔