Saturday, May 4, 2024

غذائی قلت‘ وبائی بیماریاں .... تھرپارکر میں آٹھ بچے جاں بحق

غذائی قلت‘ وبائی بیماریاں .... تھرپارکر میں آٹھ بچے جاں بحق
January 4, 2016
تھرپارکر (92نیوز) غذائی قلت کے بعد سردی بھی ستم ڈھانے لگی‘ بیسیوں بچے بیمار ہو کر اسپتالوں میں پہنچ گئے۔ تھر کے صحرا میں غذائی قلت سے چار روز میں آٹھ ننھے پھول موت کی آغوش میں چلے گئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی سندھ کے تھرپارکر میں صحت کے مسائل کو ٹھیک کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ غذائی قلت اور مختلف بیماریوں کے باعث تھرپارکر میں بچوں کی اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلع تھرپارکر کے علاقوں مٹھی‘ ڈیپلو‘ ڈاہلی‘ چھاچھرو‘ اسلام کوٹ اور نگرپارکر میں بیماریوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جس کے باعث بچوں کی ہلاکتوں میں کمی نہ آسکی ہے۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ کے آبائی شہر خیرپور کے سول اسپتال میں بچوں کے وارڈ میں آکسیجن کی کمی نے مزید دو بچوں کی جان لے لی جبکہ تھر کے صحرا میں غذائی قلت سے چار روز میں آٹھ ننھے پھول موت کی آغوش میں چلے گئے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین نے سول اسپتال کے اندر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ سول اسپتال کی انتظامیہ نے نااہلی کی حد کر دی ہے۔ بچوں کے وارڈ میں ڈاکٹر کے بجائے نرس کو بٹھادیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بچوں کی اموات کا سبب ڈاکٹرز کی عدم دستیابی اور آکسیجن کی کمی ہے۔