Friday, March 29, 2024

غداری کیس میں خصوصی عدالت کا فیصلہ محفوظ کرنے کیخلاف پرویز مشرف کی درخواست قابل سماعت قرار

غداری کیس میں خصوصی عدالت کا فیصلہ محفوظ کرنے کیخلاف پرویز مشرف کی درخواست قابل سماعت قرار
November 26, 2019
لاہور ( 92 نیوز) غداری کیس میں خصوصی عدالت کے فیصلہ محفوظ کرنے کیخلاف پرویزمشرف کی درخواست قابل سماعت قرار دے دی گئی ۔ لاہور ہائیکورٹ نے وزارت قانون سے خصوصی عدالت کی تشکیل کی سمری کل طلب کرلی، اٹارنی جنرل بھی معاونت کیلئے طلب کر لئے گئے ۔ دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کیا ٹی وی کی خبر ہے کہ اسلام آباد میں بھی کوئی درخواست دائر ہوئی ہے ، خواجہ طارق رحیم ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ وزارت داخلہ نے وہ درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی ہے ، جب پرویز مشرف پاکستان آئیں گے چاہے جس شہر میں لینڈ کریں سب سے پہلے ٹربیونل کے فیصلے کا سامنا کریں گے۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نے ریمارکس دیے کہ بد قسمتی سے اس ملک میں ہر چیز میں ڈائنامکس بدلتے ہیں،عدالت نے خواجہ طارق رحیم سے استفسار کیا آپکی ساری باتیں ٹھیک ہیں مگر یہ عدالت کیسے سماعت کر سکتی ہے؟ ۔ عدالت نے استفسار کیا،کیا پرویز مشرف عدالت کی اجازت سے بیرون ملک گئے ہیں؟ ، پرویز مشرف کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا ان کے مؤکل ٹرائل عدالت کی اجازت سے بیرون ملک گئے ۔ درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ - نے انیس نومبر کو مؤقف سنے بغیر غداری کیس کا فیصلہ محفوظ کیا ہے،عدالت سے استدعا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کے مطابق کیس کو دوبارہ سماعت کیلئے شروع کیا جائے اور خصوصی عدالت کا فیصلہ محفوظ کرنے کا حکم معطل کیا جائے۔