Wednesday, April 24, 2024

غداری کیس: ایف آئی اے کو وزارت قانون و انصاف سے پرویز مشرف کے خلاف اہم ریکارڈ مل گیا

غداری کیس: ایف آئی اے کو وزارت قانون و انصاف سے پرویز مشرف کے خلاف اہم ریکارڈ مل گیا
December 18, 2015
اسلام آباد(92نیوز)سنگین غداری کیس میں ایف آئی اے کو وزارت قانون و انصاف سے پرویز مشرف کے خلاف اہم ریکارڈ مل گیا۔  حاصل ہونے والے ریکارڈ میں پی سی او کے تحت حلف لینے والے ججوں کی تقرری اور اعلی عدالتوں کے ججوں کی معزولی کے حکم نامے شامل ہیں۔ تفصیلات کےمطابق خصوصی عدالت کے حکم پر ایف آئی اے کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے پرویز مشرف اور اس کے معاونین کے خلاف ازسر نو تحقیقات کا آغاز کردیا ہے تفتیشی ٹیم نے وزارت قانون و انصاف سے پی سی او کے تحت حلف لینے والے ججوں کی تقرری کے حکم نامے اور سمری کی منظوری کا ریکارڈ حاصل کرلیا ہے ۔ ایف آئی اے کو ملنے والے ریکارڈ میں سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ عبدالحمید ڈوگر کی تقرری کا نوٹیفیکشن بھی شامل ہےجبکہ پی سی او کے تحت حلف لینے والے سندھ اور پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس  کے تقرر ناموں کا ریکارڈ بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ وزارت قانون نے ایف آئی اے کو معزول کئے گئے سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری سمیت دیگر ججوں کا ریکارڈ بھی فراہم کردیا ہے ۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ حاصل کئے گئے ریکارڈ میں سابق صدر جنرل ر پرویز مشرف کے دستخط موجود ہیں جو غداری کیس میں درج شکایت کی تائید کرتے ہیں۔ ایف آئی اے نے ریکارڈ فراہم کرنے والے وزارت قانون کے افسروں کے نام گواہوں کی فہرست میں شامل کرلئے ہیں جبکہ ریکارڈ کو پروگراس رپورٹ کا حصہ بنالیا ہے جسے تیرہ جنوری کو خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔ دوسری جانب ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم بائیس دسمبر کو کراچی میں پرویز مشرف کا دوبارہ بیان قلمبند کرے گی ذرائع بتاتے ہیں کہ ایف آئی اے نے جی ایچ کیو سے ریکارڈ کے حصول کے لئے وزارت دفاع سے بھی رابطہ کیا ہے تاہم ایف آئی اے کو اس میں کوئی خاطر خواہ کامیابی نہیں ملی۔