Tuesday, April 30, 2024

غداری کیس  : ایف آئی اے کا پرویز مشرف کا بیان ازسرنو قلمبند کرنے کا فیصلہ

غداری کیس  : ایف آئی اے کا پرویز مشرف کا بیان ازسرنو قلمبند کرنے کا فیصلہ
December 17, 2015
اسلام آباد(92نیوز)سنگین غداری کیس میں ایف آئی اے نے مرکزی ملزم سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف  کا از سر نو بیان قلمبند کرنے کا فیصلہ کر لیا خصوصی عدالت میں جمع کرائی گئی پراگریس رپورٹ کے مطابق بائیس دسمبر کو تفتیشی ٹیم پرویز مشرف کا بیان قلمبند کرے گی ۔ ایف آئی اے کی جانب سے خصوصی عدالت میں جمع کروائی گئی رپورٹ کی کاپی 92نے حاصل کرلی ہے۔ تفصیلات کےمطابق پراگرس رپورٹ میں  بتایا گیا ہے کہ  خصوصی عدالت کے حکم پر سنگین غداری کیس کی ازسر نو تحقیقات اوربیانات  کے لئے جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو 10دسمبر کو خط لکھا گیا تھا ،سابق صدر کے سٹاف کی جانب سے موصول ہونے والے جواب میں تفتیشی ٹیم کو یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ وہ بیانات کے لئے 14دمسبر کی بجائے 22دسمبر کو دستیاب ہوں گے  پراگریس رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ کیس میں سب سے پہلے کیس کے مرکزی ملزم پرویز مشرف کا بیان قلمبند کیا جائے گا  جبکہ دوسرے مرحلے میں شریک ملزمان ، سابق وزیر قانون زاہد حامد ،سابق چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر اور سابق وزیر اعظم شوکت عزیز سے بیانات قلبمند کئے جائیں گے۔ ایف آئی اے کی رپورٹ میں عدالت کو بتایا گیا کہ کچھہ متعلقہ اداروں سے ابھی ریکارڈ حاصل کرنا باقی ہے ریکارڈ کے لئے متعلقہ اداروں کو خطوط بھی لکھے گئے ہیں ۔ واضح رہے کہ خصوصی عدالت نے 27نومبر کو کیس کی از سر نو تحقیقات کے لئے ایف آئی اے کو حکم دیا تھا،،خصوصی عدالت کا بنچ نامکمل ہونے کے باعث کیس کی سماعت بغیر کارروائی 13جنوری تک ملتوی کردی گئی ہے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے کی جانب سے کیس میں ہونے والی پیش رفت سے عدالت کو آگاہ کیا جائے گا ۔