Friday, April 19, 2024

غداری کیس ، آٹھ اکتوبر کو نواز شریف کو ہائیکورٹ میں پیش ہونے کا حکم

غداری کیس ، آٹھ اکتوبر کو نواز شریف کو ہائیکورٹ میں پیش ہونے کا حکم
September 24, 2018
لاہور (92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے غداری کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو آٹھ اکتوبر کو طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں شاہد خاقان عباسی کیخلاف حلف کی پاسداری نہ کرنے پر درخواست کی سماعت تین رکنی بنچ نے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں کی۔ . سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کمرہ عدالت میں پیش ہوئے۔ سابق وزیراعظم کے وکیل نصیر بھٹہ نے عدالت سے گزشتہ سماعت پر پیش نہ ہونے پر معزرت کی۔ عدالت نے مکالمہ کیا کہ بھٹہ صاحب آپکو کتنے خون معاف ہیں۔ آپ آئے حاضری بھی لگوائی لیکن پھر دوبارہ پیش نہیں ہوئے۔ نصیر بھٹہ نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس میں میاں نواز شریف صاحب نے بھی آنا تھا لیکن تعزیت کا سلسلہ جاری ، اس لیے پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے قرار دیا کہ اپ ایک مرتبہ پیش ہوں پھر قانونی راستہ اختیار کرلیں۔ عدالت نے اخباری رپورٹر سرل المیڈا کے پیش نہ ہونے پر اظہار برہمی کیا۔ فل بنچ نے سرل المیڈا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشن اسلام آباد کو حکم دیا کہ سرل المیڈا کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرے۔ عدالت نے سرل المیڈا کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا حکم بھی دے دیا ۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہم اس شخص کے ساتھ نرمی برتتے ہیں جو عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔ جو عدالتوں کا احترام نہیں کرتے کسی معافی کا مستحق نہیں۔ عدالت نے سرل المیڈا کے وکیل سے استفسار کیا کہ ہم سرل المیڈا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہیں۔ اپ بیان حلفی جمع کرائیں کہ سرل المیڈا اگلی سماعت پر پیش ہو گا۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میں بیان حلفی جمع نہیں کرا سکتا لیکن امید ہے کہ وہ پیش ہو گا۔ عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو آٹھ اکتوبر کیلیے نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کر لیا۔