Sunday, September 8, 2024

غدار کے ہاتھوں بے بس ہونے کے بجائے وطن کی خاک پر جام شہادت نوش کرنیوالے راشد منہاس کا چوالیسواں یوم شہادت

غدار کے ہاتھوں بے بس ہونے کے بجائے وطن کی خاک پر جام شہادت نوش کرنیوالے راشد منہاس کا چوالیسواں یوم شہادت
August 20, 2015
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) غدار کے ہاتھوں بے بس ہونے کے بجائے وطن کی خاک پر جام شہادت نوش کرنے والے پاک فضائیہ کے پائلٹ آفیسر راشد منہاس کا چوالیسواں یوم شہادت منایا جا رہا ہے۔ پائیلٹ آفیسرراشد منہاس نے جامعہ کراچی سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد تیرہ مارچ انیس سو اکہتر کو پاکستان ایئر فورس میں بطور کمیشنڈ جی ڈی پائلٹ شمولیت اختیار کر لی ۔ انیس سو اکہتر کی پاک بھارت جنگ کے موقع پر بیس اگست انیس سو اکہتر کو ٹی تھری ٹرینر کی پرواز میں فلائٹ لیفٹیننٹ مطیع الرحمن بھی ان کے ساتھ جہاز میں سوار ہوئے اور اپنے مذموم مقاصد کیلئے نوجوان پائلٹ آفیسر وقومی ہیرو راشد منہاس پر ضرب لگائی اور پاک فضائیہ کے طیارے کا رخ بھارت کی جانب موڑ لیا۔ طیارہ بھارت کی جانب رواں دواں تھا کہ اسی اثنا میں راشد منہاس کو ہوش آگیا اور انہیں اندازہ ہو گیا کہ ان کا جہاز اغوا کر کے بھارت لے جایا جا رہا ہے۔ انہوں نے فوری طورپر پی اے ایف مسرور بیس پر صبح گیارہ بجکر پینتیس منٹ پر رابطہ کیا اور طیارے کے اغوا سے متعلق آگاہ کیا۔ اسی دوران راشد منہاس اور مطیع الرحمن کے درمیان جھڑپ شروع ہو گئی جس پر راشد منہاس نے مطیع الرحمن کو اس کے مذموم مقاصد میں ناکام بنانے کیلئے طیارے کا رخ فضا سے زمین کی جانب کر دیا اور بھارتی سرحد سے چالیس کلومیٹر کے فاصلے پر طیارہ زمین بوس کر دیا۔