Tuesday, April 23, 2024

عیسائی دنیا کیلئے شہوت انگیز مواد سے پاک ویب سائٹ ”فیس گلوریا“ متعارف

عیسائی دنیا کیلئے شہوت انگیز مواد سے پاک ویب سائٹ ”فیس گلوریا“ متعارف
July 7, 2015
برازیلیا (ویب ڈیسک) برازیل میں عیسائیوں کے ایک تبلیغی گروہ نے سماجی رابطے کی ایک ویب سائٹ ”فیس گلوریا“ کا آغاز کیا ہے جس میں گالی دینا اور کسی بھی قسم کا شہوت انگیز مواد نہ ہو۔ اس کے بانیوں کا دعویٰ ہے کہ ان کی سائٹ نے پہلے ایک ماہ میں ایک لاکھ ممبر بنائے ہیں۔ ”فیس گلوریا“ نیٹ ورک سائٹ پر 600 ایسے الفاظ ہیں جن کا استعمال کرنا منع ہے اور ایک ”لائیک“ کا بٹن بھی ہے جو کسی پوسٹ کی تعریف کے اظہار کرنے کےلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ”فیس گلوریا“ اس وقت صرف پرتگالی زبان میں دستیاب ہے لیکن اسے دیگر زبانوں میں متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ موبائیل ایپلی کیشنز بھی بنائی جائیں گی۔ واضح رہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ رومن کیتھولک آبادی برازیل میں ہے اور ملک کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق صرف ایک فیصد آبادی خدا پر یقین نہیں رکھتی یا لامذہب ہے۔ اس ویب سائٹ کو ڈیزائن کرنے والے آتلا باروس نے کہا ہے کہ فیس بک پر آپ کو بہت تشدد اور فحش مواد دکھائی دیتا ہے، اس لیے ہم نے یہ نیٹ ورک بنانے کا سوچا جہاں ہم خدا اور محبت کی بات کریں اور خدا کے پیغامات پھیلا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ویب سائٹ پر ہم جنس پرستی سے متعلق مواد پر بھی پابندی ہے۔