Thursday, March 28, 2024

عیدالاضحی کے دن بھی کشمیر میں کرفیو  کا سلسلہ جاری

عیدالاضحی کے دن بھی کشمیر میں کرفیو  کا سلسلہ جاری
August 12, 2019
سرینگر ( 92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے ظلم کی انتہا کر دی، عیدالاضحی کے دن بھی کرفیو کا سلسلہ جاری ہے ، دنیا بھر سے کٹے کشمیری اپنے پیاروں کی آواز سننے کو ترس گئے۔ عیدالاضحی کے مبارک دن بھی بھارت اپنے ظلم سے باز نہ رہ سکا ، مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کا آٹھواں روز ہے، مظلوم کشمیری بندوقوں کے نرغے میں  عید منانے پر مجبور ہیں ۔ بھارتی حکومت نے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مظلوم کشمیریوں کو عید کی نماز بھی ادا نہ کرنے دی اور نہ ہی انہیں سنت ابراہیمی ادا کرنے کی اجازت ملی۔ جنت نظیر وادی بدستور دنیا کا سب سے بڑا قید خانہ بنی ہوئی ہے۔ چپے چپے پر اسلحہ تھامے بھارتی فوجی تعینات ہیں۔ مواصلاتی بندش کی وجہ سے پوری دنیا سے کٹے کشمیری اپنے پیاروں کی آواز سننے کو ترس گئے ہیں۔ راشن کی کمی نے لوگوں کو بدحال کر دیا ہے۔ مقبوضہ وادی کی تمام سیاسی قیادت بھی گھروں میں نظر بند یا جیلوں کی سلاخوں کے پیچھے ہیں،عید کے دن بھی سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کو آسمان دیکھنا نصیب نہیں ہوا۔ دوسری جانب ممتاز بھارتی مورخ عرفان حبیب کا کہنا ہے کہ آرٹیکل 370 کا خاتمہ کر کے مودی حکومت نے کشمیری عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔