Saturday, April 20, 2024

عید ہو یا کوئی اور تہوار پاک فوج کے جری سپوت ہر محاذ پر چوکنا

عید ہو یا کوئی اور تہوار پاک فوج کے جری سپوت ہر محاذ پر چوکنا
May 13, 2021

شمالی وزیرستان (92 نیوز) عید ہو یا کوئی اور تہوار پاک فوج کے جری سپوت اپنی خوشی پر قوم کی خوشیوں کو ترجیح دیتے ہیں۔ دھرتی ماں کی محبت، خلوص نیت اوردفاع وطن کے لیے جان نچھاور کرنے کے قومی جذبے سے سرشارپاک فوج کے آفیسر اور جوا ن ہر محاذ پر چوکنا ہیں۔

انسداد دہشتگردی کی طویل جنگ، بہادر سپاہ کی لازوال قربانیاں، پاکستان بنا امن کا گہوارہ۔ آج ترقی کی راہ پر گامزن۔ یہ سب اپنی خوشیاں، محبتیں، رشتے اور تو اور زندگیاں قربان کرنے والے سرفروشوں کے دفاع وطن کے لیے عزم مسمم سے ممکن ہوا۔

دہشتگردی سے پاک ضلع شمالی وزیرستان بناامن کا نشان۔۔ آپریشن ضرب عضب سے ردالفساد تک سپاہ نے قیام امن کیلئے ایک ہزار 172 جانیں دیں، 3 ہزار 906 زخمی ہوئے۔ مادر وطن کے دفاع کیلئے پاک فوج پرُعزم اور سپاہ کے حوصلے بلند ہیں۔

سرحدوں پر تعینات فوجیوں کے لئے دفاع وطن سے بڑھ کر کچھ نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عید ہو یا کوئی اور تہوار ارض پاک کے یہ سربکف مجاہد عید پر اپنوں سے دور رہ کر بھی دھرتی ماں سے محبت کو اپنی خوشی، سپاہ کیساتھ عید منانے کو سعادت گردانتے ہیں۔

عظیم ماﺅں کے بہادر بیٹوں نے دفاع وطن کے اِسی لازوال جذبے کے تحت شمالی وزیرستان میں سماجی و معاشی منصوبوں، محفوظ پاک، افغان سرحد کیلئے باڑ کی تنصیب، قلعوں، چوکیوں اور پھر غلام خان بارڈر ٹرمینل کی تعمیر میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔

دفاع وطن کا فریضہ ہو، امن کا تحفظ یا کورونا وباء کے خلاف جنگ، پاک فوج کا ہر آفیسر اور جوان، اپنے خاندانوں سے دور، عید سمیت ہر خوشی کی قربانی دے کر سرحدوں پر اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے سینہ سپر ہے۔