Wednesday, April 24, 2024

عید گزرنے کے بعد پنجاب اور سندھ میں کاروباری اوقات کار تبدیل

عید گزرنے کے بعد پنجاب اور سندھ میں کاروباری اوقات کار تبدیل
May 27, 2020
لاہور (92 نیوز) عید ختم، سہولت ختم، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مارکیٹیں اور شاپنگ مالز آج سے پانچ بجے بند کردئیے جائیں گے، مشیراطلاعات کے پی اجمل وزیر کہتے ہیں اقدامات کا مقصد کورونا سے حفاظت ہے۔ پنجاب حکومت نے مارکیٹوں، بازاروں اور شاپنگ مالز کے اوقات کار تبدیل کر دئیے۔ آج سے مارکیٹیں، شاپنگ مالز صبح 9 بجے سے شام پانچ بجے تک کھلیں گے، پنجاب میں بیکریز رات دس بجے تک کھلی رہیں گی۔ میڈیکل اسٹورز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔ لاک ڈاون میں مزید سختی کے حوالے سے دو دن میں اہم اجلاس متوقع ہے۔ لاک ڈاون میں مزید نرمی یا سختی کا فیصلہ کورونا کی صورتحال مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ کورونا کے حوالے سے ماہرین کی رائے کی روشنی میں مزید فیصلے ہونگے۔ پنجاب میں صرف عید پر مارکیٹوں اور شاپنگ مالز کو رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازات دی گئی تھی۔ ادھر مشیراطلاعات کے پی اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ ‏آج سے خیبر پختونخوا میں دکانیں شام 5 بجے بند ہو جائیں گی، حکومتی اقدامات کا مقصد عوام کو کورونا سے بچانا ہے، شہر میں کورونا سے بچاؤ کے لیے ضوابط پر عمل کیا جا رہا ہے، لاک ڈاؤن میں سختی بھی عوام کے تحفظ کے لیے ہے۔