Friday, May 17, 2024

عید کے دوسرے روز پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی شہروں میں موسلا دھار بارش

عید کے دوسرے روز پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی شہروں میں موسلا دھار بارش
August 2, 2020
لاہور (92 نیوز) عید کے دوسرے روز پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی، ٹھنڈی اور کالی گھٹاوں کے بعد برسنے والی موسلا دھار بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا ہے۔ عید کے دوسرے روز صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹھنڈی اور کالی گھٹاوں کے بعد برسنے والی موسلا دھار بارش نے شہر کا موسم خوشگوار بنا دیا ہے۔ لاہور شہر میں گلبرگ، ماڈل ٹاون، مسلم ٹاون اور کینال روڈ، مال روڈ، جیل روڈ اور اندرون لاہور کے علاقوں میں بادل کھل کر برسے۔ شہر میں بارش کے باعث ڈی سی لاہور دانش افضال نے تمام محکموں کو الرٹ کر دیا۔ واسا کے عملے کو نکاس اب کو فوری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ واسا تمام ڈسپوزل کو فنکشنل رکھیں۔ اسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں نکاس اب کے عمل کو چیک کریں۔ حافظ آباد، گوجرانوالہ اور کوٹ رادھا کشن سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بادل برس پڑے، نارووال میں کئی گھنٹے قبل ہونے والی بارش کا پانی تاحال سڑکوں پر موجود ہے۔ محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ مزید دو روز تک جاری رہنے کی پیشگوئی کردی۔