Sunday, September 8, 2024

عید کے دن وزیراعظم کا ملک میں نہ ہونا باعث افسوس ہے : اپوزیشن لیڈر

عید کے دن وزیراعظم کا ملک میں نہ ہونا باعث افسوس ہے : اپوزیشن لیڈر
July 6, 2016
سکھر (92نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو اپنوں میں عید کرنی چاہیے۔ پیپلز پارٹی حکومت کے خلاف احتجاج کی پالیسی کے حوالے سے عید کے بعد بیٹھے گی۔ تفصیلات کے مطابق مدرسہ منزل گاہ سکھر میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے عید پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عید کے دن وزیر اعظم کا ملک میں نہ ہونا باعث افسوس ہے، حکمرانوں کو ملک کے عوام کے ساتھ خوشیوں میں شرکت کرنی چاہئے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ اسحاق ڈار نے دو دن قبل بتایا تھا کہ وزیر اعظم لاہور میں عید منائیں گے۔ ان کو جو بتایا گیا ہے وہی اس نے ہمیں بتایا ہے۔ باقی حکومت کے وعدوں کا سب کو پتہ ہے۔ خورشید شاہ نے احتجاج کی پالیسی کے حوالے سے کہا کہ لیڈر شپ عید کے بعد حکومت کے خلاف باضابطہ بیٹھ کر معاملات طے کرے گی۔ مدینے پر حملہ کرنے والے مسلمان تو کیا انسان بھی نہیں ہیں۔ ایسے لوگ مسلمانوں کا لباس پہن کر دین اسلام کو بدنام کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ یہ شیطانی قوتیں اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوں گی۔