Tuesday, April 23, 2024

عید کے تیسرے روز بھی بچوں اور بڑوں نے فیملی کے ہمراہ تفریحی مقامات کا رخ کر لیا

عید کے تیسرے روز بھی بچوں اور بڑوں نے فیملی کے ہمراہ تفریحی مقامات کا رخ کر لیا
June 7, 2019
 لاہور (92 نیوز) عید کے تیسرے روز بھی ہلہ گلہ جاری ہے۔ بچوں اور بڑوں نے فیملی کے ہمراہ پارکوں، تفریحی مقامات کا رخ کرلیا۔ بچوں کی موج مستی بھی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ عید کے تیسرے روز بھی شہریوں کی نان اسٹاپ موج مستیاں جاری ہے۔ چھوٹے، بڑے اور خواتین سب نے ہی صبح سویرے پارکوں اور تفریحی مقامات پر یلغار کردی۔ رات گئے تک عید کے مزے لوٹے جائیں گے۔ میٹھی عید کے تیسرے روز زندہ دلان شہر نے فیملیوں کے ہمراہ چڑیا گھر کا رخ کیا تو کچھ دیگر تفریحی مقامات پر پہنچ گئے۔ سیرگاہوں میں صبح سویرے شہریوں کارش بڑھنا شروع ہو گیا کیوں کہ سیرسپاٹا ہی تو عید ہے۔ بچہ پارٹی کی پارٹی بھی جاری ہے۔ موسم گرما اور عید کی لمبی چھٹیوں کے باعث بچے خوش تو بہت ہی خوشں ہیں۔ عید کے دن جمع کی ہوئی عیدی تو ابھی چلے گی ، سمجھدار بچوں نے بچائے ہوئے پیسہ آج ختم کرنے کا پلان بنا لیا۔ بچوں کی اٹھکیلیوں نے بڑوں کی عید کا مزہ بڑھا دیا۔ دن بھر موج میلے کے بعد کھابوں کا بھی  دور چلے گا۔ ہوٹلوں اور گھروں میں دعوتیں اڑانے کا پلان بھی بن گیا۔ کل جو تھے مہمان آج بنیں گے میزبان۔ مزے مزے کی ڈشوں سے دو دو ہاتھ کئے جائیں گے۔