Friday, April 26, 2024

عید کے بعد حکومت کیخلاف تمام جماعتوں کا اکٹھ ہوگا،بلاول بھٹو

عید کے بعد حکومت کیخلاف تمام جماعتوں کا اکٹھ ہوگا،بلاول بھٹو
May 19, 2019
اسلام آباد (92 نیوز ) اپوزیشن نے عید کے بعد حکومت کے خلاف متحد ہونے کا اعلان کر دیا ۔ افطار ڈنر کے بعد اپوزیشن جماعتوں  کی مشترکہ پریس کانفرنس میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ  عید کے بعد حکومت کیخلاف تمام اپوزیشن جماعتوں کا اکٹھ ہو گا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ  ہر سیاسی جماعت کا اپنا منشور ، اپنا نظریہ ہے ، پاکستان کے مسائل اتنے زیادہ ہیں کہ کوئی ایک جماعت انہیں حل نہیں کر سکتی ۔ بلاول بھٹو زرداری کے بعد مولانا فضل الرحمان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بلاول بھٹو اور آصف زرداری نے مقتدر سیاسی قائدین کو دعوت دی کہ حکومت کیخلاف اکٹھا ہونا ہوگا کیوں کہ گزشتہ کچھ عرصہ میں ملک شدید بحران کی سمت گامزن ہے ۔ جے یو آئی ف کے سربراہ نے  کہا کہ عید کے بعد ملک کو بحران سے نکالنے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل تیار کیا جائے  گا  اور آل پارٹیز کانفرنس کا اعلان ہو گا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ  حکومت ملک چلانے میں یکسر ناکام ہو چکی ہے ، جولائی 2018 کے متنازعہ انتخابات  سے ملک کا مستقبل داؤ پر لگ چکا ہے ۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ احتساب کے نام پر اپوزیشن کو دبانے کی کوشش آمریت کا طریقہ ہوتا ہے ، ہمیں اس کی کوئی فکر نہیں ہم بھگت لیں گے ۔ حاسل بزنجو کا کہنا تھا کہ ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ عید کے بعد باقاعدہ طور اپوزیشن کی اےپی سی ہوگی ، یہ اے پی سی ملک میں ایک نئے سیاسی اتحاد کو جنم دے گی، ہم اگر آج استعفے دے دیں تو کل یہ حکومت نہ ہو،لیکن ہم ایسا نہیں چاہتے۔ اسفند یار ولی نے کہا کہ عید کے بعد اے پی سی بلائی گئی ہے جس میں تمام پارتیون سے ان کا موقف طلب کیا گی اہے ،  تمام پارٹیوں کو  روڈ میپ بنانے کی ضرورت ہے تا کہ ہم  عوام کے شانہ بشانہ ہوں اور ان کی مشکلات کو حل کر سکیں ۔ افتخار حسین نے  کہا کہ حکومت نے پاکستان کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا، عمران خان نے جو باتیں کہیں تھیں کہ نہیں کروں گا ، وہ سب کی سب کر دیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ  عوام کا درد بانٹیں ، عید کے بعد تمام سیاسی پارٹیز اپنے ایجنڈے کے ساتھ آئیں اور عوام کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھیں، ملکی بقا کیلئے ہمیں راستہ سیدھا کرنا ہے ۔