Friday, April 19, 2024

عید کی چھٹیوں اور 8 سے 16 مئی تک سیاحت پر مکمل پابندی کا فیصلہ

عید کی چھٹیوں اور 8 سے 16 مئی تک سیاحت پر مکمل پابندی کا فیصلہ
April 27, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سنٹر کے اجلاس میں رمضان اور عید کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔ عید کی چھٹیوں اور 8 سے 16 مئی کے دوران سیاحت پر مکمل پابندی ہوگی۔

قومی کوآرڈینیٹر این سی او سی لیفٹینٹ جنرل حمود الزمان کی زیرصدارت این سی او سی کا خصوصی اجلاس ہوا، جس میں ڈاکٹر فیصل سلطان اور وزیر صنعت و تجارت خسرو بختیار نے خصوصی شرکت کی۔

فیصلہ کیا گیا ملک کے تمام سرکاری اور غیر سرکاری اسپتالوں میں معمول کی ایلیکٹیوو سرجری موخر کر دی جائے، اس ضمن میں وزارت صحت نے ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز نے فورم کو ان علاقوں میں اسٹاک کی دستیابی اور بارے میں آگاہ کیا جہاں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔

کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطر ات کے باعث وفاقی حکومت نے تعلیمی اداروں میں تمام امتحانات ملتوی کرنےکافیصلہ کرلیا۔ وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ 15 جون تک ملک بھر میں کوئی امتحان نہیں ہوگا۔ امتحانات جولائی اوراگست تک جاسکتے ہیں، اولیول کے امتحانات اکتوبر اور نومبر میں ہوں گے، 15 مئی کے بعد صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیں گے۔

دوسری جانب وزارت داخلہ نے رمضان اور عید پرکورونا سے بچاؤ کے لئے اقدامات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق عید کی چھٹیوں اور آٹھ سے سولہ مئی کے دوران سیاحت پر مکمل پابندی ہوگی۔ سیاحتی مقامات، ریزارٹس، ہوٹل، پبلک پارکس، ریستوران اور شاپنگ مالز بند رہیں گے۔ عید کی چھٹیوں میں بین الصوبائی اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ مکمل بند رہے گی۔