Thursday, May 9, 2024

عید کارڈ بھیجنے کی روایت دم توڑ گئی

عید کارڈ بھیجنے کی روایت دم توڑ گئی
May 28, 2019
لاہور ( ویب ڈیسک ) عیدپر نیک خواہشات کے اظہار کے لیے عید کارڈ بھیجنے کی  روایت دم توڑ گئی  ،نئے زمانے کے بدلتے انداز میں پیغام رسانی کے انداز بھی بدل گئے ، عید کارڈزکے ذریعے عید مبارک باد کی روایت سوشل میڈیا کے دور میں گم ہوکر رہ گئی جبکہ معاشی طور پر لاکھوں روپے کا کاروبار بند ہو کر رہ گیا۔ عید کی آمد کے موقع پر اپنے پیاروں کو خوشیوں بھرے نیک پیغامات بھجوانے کے لیے عید کارڈز کا سہار ا لیا جا تاتھا ،رمضان المبار ک کی آمد کے ساتھ شہرکے تمام بڑے چھوٹے بازاروں اور گلی محلوں میں بھی عید کارڈ ز کے اسٹال لگ جایا کرتے تھے جس میں جس میں مختلف ڈیزائن اور فلمی اداکاروں،کھلاڑیوں کی تصاویز والے عید کارڈز دستیاب ہوتے تھے۔ اب عید سمیت دیگر تہواروں کو بھی سوشل میڈیا کے ذریعے ایک دوسرے کو مبارک باد دے دی جاتی ہے ۔اس سے نہ صرف کئی دہائیوں پرانی روایت دم توڑ گئی بلکہ معاشی طور پر اس کے نقصانات سامنے آئے ۔ اس حوالے سے  ایک پبلشرکا کہنا تھا کہ عید کارڈزچھاپنے کی ایک بہت بڑی صنعت بند ہوچکی ہے ، لاہور میں 100سے زائد چھوٹے بڑے پبلشر ز تھے جو عید کارڈز چھاپتے تھے عید کارڈز کی ایک بہت بڑی انڈسٹری ہوتی تھی جو اب ختم ہو چکی ہے اور پبلشرز لاکھوں روپے آمدن سے بھی محروم ہوگئے ہیں ۔