Thursday, April 25, 2024

عید میلادالنبی ﷺ : ملک بھر کے بازاروں میں رش‘ گھر‘ گلیاں اور محلے سج گئے

عید میلادالنبی ﷺ : ملک بھر کے بازاروں میں رش‘ گھر‘ گلیاں اور محلے سج گئے
December 21, 2015
لاہور / اسلام آباد / پشاور (92نیوز) ظہور محمد مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنی مثال آپ ہے۔ نبی آخرالزماں کی ولادت باسعادت کے دن بارہ ربیع الاول کو منانے کے لیے یوں تو دنیا بھر میں ہی تیاریاں کی جاتی ہیں تاہم لاہور کا بھی اپنا ہی ایک رنگ ہے۔ جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر خوشیاں منانے کے لیے لاہور کی گنپت روڈ والی مارکیٹ میں اس سال ایسی ایسی خوبصورت اشیاءمتعارف کرائی گئی ہیں جنہیں دیکھ کر ہی دل عش عش کر اٹھتا ہے۔ جہاں طرح طرح کی جھنڈیاں، جھنڈے، بیجز اور آرائشی اشیاءفروخت کے لیے رکھی گئی ہیں وہیں جگمگ جگمگ کرتے نقش نعلین مبارک بھی لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کر رہے ہیں۔ اس بار مارکیٹ میں خانہ کعبہ اور روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بڑے بڑے ماڈل بھی دستیاب ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کچھ مہنگائی تو ہو گئی ہے تاہم انہوں نے جشن آمد مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تو ہرحال میں منانا ہے۔ دکاندار بھی خوش ہیں کہ ربیع الاول کے بابرکت مہینے میں ان کی دکانوں پر میلے لگے ہوئے ہیں۔ رات گئے لاہور کی مرکزی مارکیٹ میں خوب گہماگہمی رہی جہاں مردوں کے ساتھ خواتین اور بچے بھی خریداری میں مصروف رہے۔ دوسری جانب راولپنڈی اسلام آباد میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔ عید میلاد النبی کو بھر پور طریقے سے منانے کے لیے روات سے میلاد ریلی نکالی گئی۔ ربیع الاول کے بابرکت مہینے کی آمد کے ساتھ غلامان مصطفی عید میلاد النبی منانے کے لیے تمام تیاریاں مصروف ہیں۔ کہیں میلاد ریلیاں نکالی جا رہی ہیں تو کہیں گلی کوچوں کو سجایا جا رہا ہے۔ ایسا ہی سماں روات سے نکلنے والی میلاد ریلی نے باندھا۔ اسلام آباد میں میلاد ریلی کا آغاز روات ٹی چوک سے ہوا جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاءنے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر بینرز اور رنگ برنگی جھنڈیاں لگا رکھی تھیں جس پر عید میلاد النبی سے متعلق نعرے درج تھے۔ عید میلاد النبی کو 4 روز باقی ہیں۔ ملک بھر کی طرح جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد کے شہری بھی اس بابرکت دن کو عقیدت و احترام اور جوش و جذبے سے منانے کو تیار ہیں۔ دونوں شہروں کی فضا ہر وقت درودو سلام سے گونجتی رہتی ہے۔ دریں اثنا پشاور میں عید میلادالنبی کی تقریبات میں لوگوں کا جوش وخروش دکھائی دے رہا ہے۔ عمارتوں کو سجایا گیا ہے۔ جگہ جگہ تقاریب کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے۔ پشاور میں جشن عید میلادالنبی کے انتظامات عروج پر پہنچ گئے ہیں۔ ہر جانب عید کا سماں ہے۔ کہیں نعتیں تو کہیں ذہن کو معطر کرنے والے خطاب۔ جہاں برقی قمقموں سے چراغاں کیا جارہا ہے وہاں گلی محلوں اور تجارتی مراکز کو بھی دلہن کی طرح سجایا گیا ہے۔ ہر گلی اور ہر محلے میں عاشقان رسول کا جذبہ دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔ پیغمبر آخر الزمان کی ولادت باسعادت کے حوالے سے فرزندان توحید کی جانب سے عید میلادالنبی کی تقریبات کا آغاز جوش وجذبے سے ہو گیا ہے۔