Friday, May 3, 2024

عید میلاد النبی ﷺ کی خوشیاں اور 92نیوز کا نعتیہ مقابلہ ”جان رحمت ﷺ “ جاری

عید میلاد النبی ﷺ کی خوشیاں اور 92نیوز کا نعتیہ مقابلہ ”جان رحمت ﷺ “ جاری
December 14, 2015

لاہور (92نیوز) ملک بھر میں عید میلادالنبی ﷺ کی تیاریوں کا آغاز ہو گیا۔ گلیاں اور بازار سجنے لگے اوردرود وسلام کی محفلیں شروع ہوگئیں۔ عاشقان رسول ﷺ نے سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلووں کو اجاگر کرنے کے لئے محافل کے انعقاد کا بھی آغاز کر دیا۔

ہے فرش سے تا عرش عجب بارش انوار ہر سمت سے رحمت کی گھٹا جھوم رہی ہے اک نغمہ پر کیف ہواوں میں رقصاں فطرت بھی سرعرش علا جھوم رہی ہے

تفصیلات کے مطابق غلامان مصطفی نے ملک بھر میں بارہ ربیع الاول کے سلسلے میں تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔ کہیں بازار سجائے جا رہے ہیں تو کہیں مختلف روشنیوں سے گھروں کو سجایا جا رہا ہے۔ ربیع الاول کے سلسلے میں 92 نیوز نے ملک بھر میں مقابلہ حسن نعت ”جان رحمت ﷺ “ کا انعقاد کیا اور کوارٹر فائنل کے لئے چھبیس نعت خواں چنے گئے۔ کوارٹر فائنل میں کامیاب ہونے والے نعت خوانوں کے درمیان گیارہ ربیع الاول کو سیمی فائنل ہو گا جبکہ اس راونڈ میں کامیابی حاصل کرنے والوں کے درمیان بارہ ربیع الاول کو فائنل مقابلہ ہو گا۔

رسول کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کے ماہ مبارک ربیع الاول کی آمد کے ساتھ ہی گلی کوچوں میں جشن کا سماں ہے۔ کوئی مسجد کو دلہن کی طرح سجا رہا ہے تو کوئی اپنے گھروں پر رنگ برنگی روشنیوں سے چراغاں کرنے میں مصروف ہے۔ ختم المرسلین ، تاجدار مدینہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ محبت ایمان کی اصل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماہ ربیع الاول کی آمد کے ساتھ ہی تمام مسلمانوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھتے ہیں۔

اپنی محبت کے اظہار کے طور پر جشن میلادالنبی ﷺ کو منانے کے لیے تقریبات اور چراغاں کے انتظامات شروع ہو جاتے ہیں۔ مسلمانوں کی طرف سے مساجد کے ساتھ ساتھ اپنے گھروں اور گلی کوچوں کو جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا کر میلادالنبی ﷺ کی خوشیوں میں شریک ہونے کے لیے اپنی اپنی بساط کے مطابق حصہ ڈالا جاتا ہے۔ کہیں نذرو نیاز تقسیم کی جاتی ہے تو کہیں درود و سلام کے نذرانے پیش کرتے ہوئے جلوس نکالے جاتے ہیں۔ مسجدوں اور گھروں کے ساتھ ساتھ سرکاری عمارتوں پر بھی چراغاں کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔ ماہ ربیع الاول کی آمد کے ساتھ ہی جناب رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کی مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے جو مہینہ بھر جاری رہتا ہے۔