Wednesday, April 24, 2024

عید میلاد النبیﷺ پر قومی ایئرلائن نے مسافروں میں خصوصی تحائف تقسیم کیے

عید میلاد النبیﷺ پر قومی ایئرلائن نے مسافروں میں خصوصی تحائف تقسیم کیے
November 22, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر قومی ایئرلائن کا منفرد اقدام سامنے آیا۔ پی آئی اے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مسافروں میں خصوصی تحائف تقسیم کیے گئے۔ سرور دوجہاں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وا لہ وسلم کے یوم ولادت پر  کہیں جلوس تو کہیں ذکر و اذکار کی محافل میں آقائے نامدار سے محبت کا اظہار کیا گیا ، ایسے میں پاکستان کی قومی ائیر لائن  نے مسافروں کوخصوصی تحائف دیکر خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک نے تاریخ میں پہلی بار بارہ ربیع الاول پر مسافروں میں تحائف تقسیم کرنے کا حکم دیا جس پر کراچی ، لاہور اور اسلام آباد آنے جانے والی فلائٹس کے مسافروں کوخصوصی ڈبوں میں پیک کیے ہوئے عطر اور مزیدار کھیر تحفے میں دی گئی۔ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر کارکنوں کے نام اپنے خصوصی پیغام میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ رسول اکرم ﷺ کے اسوہ حسنہ پر صحیح معنوں میں عمل پیرا ہو کر ہی دنیا و آخرت کی بھلائی اور کامیابی نصیب ہو سکتی ہے۔