Friday, April 26, 2024

عید قرباں کیلئے مویشی منڈیوں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کرایا جا سکا

عید قرباں کیلئے مویشی منڈیوں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کرایا جا سکا
July 19, 2020

لاہور ( 92 نیوز) عید قرباں کے لئے مویشی منڈیاں تو لگا دی گئیں ہیں لیکن کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کروایا جا سکا ،لاہور سمیت سیالکوٹ اور گوجرانولہ کی منڈیوں میں شہری اور بیوپاری بغیر ماسک  پہنے پہنچ رہے ہیں۔

عید قرباں کی آمد آمد ہے، پنجاب کے متعدد شہروں میں جگہ جگہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مویشی منڈیاں لگا دی گئی ہیں،لاہور کی سب سے بڑی مویشی منڈی شاہ پور کانجرا میں چھوٹے بڑے جانور پہنچا دئیے گئے ہیں،سفید بچھڑے سب کی آنکھ کا تارہ ہیں تو کالے بچھڑوں کی جوڑی بھی خریداروں کو خوب بھا رہی ہے۔

دوسری جانب بیوپاریوں اور خریداروں کی کورونا ایس او پیز کو بھلائے آمدورفت جاری ہے، اکا دکا شہری چہرے پر ماسک لگائے پہنچے جبکہ متعدد بغیر ماسک اور سماجی فاصلہ کی پرواہ کیے بغیر نظر آئے۔

سیالکوٹ میں بھی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مویشی منڈی میں ایس اوپیز پر عملدرآمد نہ کروایا جا سکا، جبکہ گوجرانوالہ میں بھی کورونا وائرس کا خوف بھلا کر قربانی کا جانور خریدنے کیلئے آنے والے شہریوں کے پاس کئی بہانے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لاہور کے بارہ مقامات پر مویشی منڈیاں لگائی گئی ہیں۔