Friday, April 26, 2024

عید قرباں پر شہرقائد میں آلائشوں کے ڈھیر

عید قرباں پر شہرقائد میں آلائشوں کے ڈھیر
August 3, 2020

کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں عیدقرباں پر بروقت آلائشیں نہ اُٹھانے کی روایت اس سال بھی برقرار رہی ،مئیر کراچی اور صوبائی وزیر سعید غنی کے دورے اور احکامات بھی کسی کام نہ آئے ،ملک کا معاشی حب  عید کے دنوں میں گندگی کا حب بنا رہا ،شہریوں نے بھی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گلیوں میں قربانی کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔

کراچی میں بلدیاتی اداروں کی سنگین غفلت ،  عید قرباں پر شہرقائدمیں آلائشوں کے ڈھیر  سے  ملک  کا فنانشل کپیٹل گندگی کا بھی مرکز بنارہا ۔

صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی  اور  مئیرکراچی وسیم اختر نے شہر کی صورتحال کا جائزہ  لینے کیلئے  مختلف اضلاع  کے دورے کیے  صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا احکامات بھی دئیے مگر حسب معمول کچھ نہ ہوسکا ۔

سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی ناکامی کے باعث شہر قائد کی گلیوں، مُحلوں اور سڑکوں پر صرف آلائشیں پڑی رہی  ۔ پہلوان گوٹھ لیاقت آباد، ناظم آباد، ملیر، شاہ فیصل  کالونی، تین ہٹی، لیاری کیماڑی اور درجنوں علاقوں میں جانوروں کی باقیات نہ اٹھائی نہیں جاسکیں ۔

دوسری جانب شہریوں نے بھی قربانی سے متعلق ایس او پیز کو روند ڈالا اور گلیوں میں قربانی کا سلسلہ  جاری رہا ۔ کئی شہری مخصوص مقامات سے ہی لاعلم رہے اور کچھ تو میدانوں میں بارش کے پانی کی موجودگی کی شکایت کرتے رہے۔

شہریوں کا کہنا ہے محکمہ بلدیات اور میئر کراچی آپس میں الجھنے کی بجائے کراچی کی فکر کریں۔