Friday, March 29, 2024

عید قرباں، ملک کے مختلف شہروں میں مویشی منڈیوں کی رونقیں عروج پر

عید قرباں، ملک کے مختلف شہروں میں مویشی منڈیوں کی رونقیں عروج پر
July 9, 2021

لاہور (92 نیوز) عید قرباں کی آمد آمد، ملک کے مختلف شہروں میں مویشی منڈیوں کی رونقیں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ کہیں راجن پوری بکروں کی مانگ ہے تو کہیں ساہیوال نسل کے بیل کے چرچے ہیں۔

لاہور شہر میں قربانی کے جانوروں کے 12 مویشی منڈیاں قائم کی گئی ہیں، جہاں بکروں کی قیمتیں 60 ہزار سے شروع ہوتی ہیں اور 4 سے 5 لاکھ تک تگڑا بکرا مل رہا ہے۔

فیصل آباد میں قربانی کے جانوروں کے وزن اور حسن کے حوالے سے منفرد مقابلے کا انعقاد کروایا گیا۔ محمود آباد میں ہونے والی بکروں کی ہیوی ویٹ چیمپئن شپ میں پاکستان بھر سے 70 بکرے مقابلے کے لیے لائے گئے اور جیت کا تاج گوجرانوالہ کے 314 کلو گرام وزنی شیر دل کے سر پر سجا۔

دوسرے نمبر پر لاہور کا لال بادشاہ جبکہ تیسرے نمبر پر ملتان کا بکرا آیا، جیتنے والوں میں ٹرافی کے ساتھ کیش انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ ہر سال مقابلے منعقد کروا کر صحت مند اور خونصورت جانور پالنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔

ادھر ملتان کی مویشی منڈیوں میں قربانی کے جانوروں کا رش لگ گیا۔ رواں سال جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں جس کے باعث خریداری میں تیزی نہ آ سکی۔

عید قرباں کے قریب آتے ہی ملتان کی مویشی منڈیوں کی رونقیں بحال ہو گئیں، جہاں آپ کو قربانی کیلئے بکرا اور چھترا بھی ملے گا جبکہ بیل اور راجن پوری بکرے بھی دستیاب لیکن ان کی آسمان سے باتیں کرتیں قیمتیں کہ گاہک سن کر پریشان ہو جائیں۔

مویشی منڈیاں تو قربانی کے جانوروں سے بھر گئی لیکن گاہک نہ ہونے کے برابر ہیں اور اگر کوئی منڈی کا رخ کر بھی لے تو قیمت سن کر خاموش ہو جاتا ہے۔

مہنگائی کا اثر مویشی منڈی تک بھی پہنچ گیا،، اسی لئے ابھی قربانی کے جانوروں کی خریداری کا عمل سست روی کا شکار ہے۔

سیالکوٹ ضلع بھر میں پانچ مویشی منڈیاں قائم کرکے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مویشی منڈیوں کو تمام تر سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے تاکہ بیوپاری خریدار اور مویشیوں کو گرمی کی شدت سے بچایا جاسکے۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ از خود تمام انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

پشاور میں جانور دیکھنے کیلئے بڑوں کے ساتھ بچے بھی منڈی پہنچ گئے، کسی کو بکراپسند آیا تو کسی نے بیل پر ہاتھ رکھ لیا۔

علی پور میں بھی مویشی منڈی سج گئی، جانوروں کی خریدوفروخت جاری ہے تو دوسری جانب بچے جانوروں کے ساتھ سیلفیاں بنانے میں مصروف ہیں۔