Friday, April 19, 2024

عید قربان پر سندھ بھر میں 28 ہزار پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دینگے

عید قربان پر سندھ بھر میں 28 ہزار پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دینگے
September 11, 2016
کرا چی(92نیوز)عیدالا اضحیٰ پر سندھ بھر میں 28 ہزار سے زائد جبکہ کراچی میں 16 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے،سندھ پولیس کا سیکورٹی پلان آگیاہے۔ تفصیلات کےمطابق عید الا اضحیٰ کی آمد سے قبل سندھ پولیس کا سیکورٹی پلان جاری کردیا گیا، ترجمان کے مطابق کراچی میں تین ہزار سے زائد چھوٹی بڑی مساجد، چارسو انتالیس عید گاہوں اور دوسو سات امام بارگاہوں سمیت اجتماعی قربانی کے مقامات اور کیمپس پر سولہ ہزار پولیس افسران اور اہلکار فرائض انجام دیں گے۔ ترجمان کے مطابق کراچی میں چارسو اٹھارہ موبائلوں، دوسو دو موٹرسائیکلوں پر سوار اہلکار پیٹرولنگ اور اسنیپ چیکنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے،سادہ لباس اہلکاروں کی تعیناتی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ تمام ایس ایس پیز، ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو پابند بنایا گیا ہےکہ اہم تنصیبات اور پبلک مقامات اطراف پیٹرولنگ، اسنیپ چیکنگ اور نگرانی کےعمل کو مؤثر بنایا جائے۔ شرپسندانہ وال چاکنگ، لٹریچر کی تقسیم کی روک تھام اور ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں سمیت چرم قربانی اکٹھا کرنےاور ان کی منتقلی پر مامور گاڑیوں کی حفاظت کو بھی سیکیورٹی پلان کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق عید کےدنوں میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کیا جائے گا جبکہ سندھ بھر میں اٹھائیس  ہزار سے زائد سیکورٹی اہلکار فرائض انجام دیں گے۔