Saturday, April 27, 2024

عید قربان : مویشی منڈیوں میں مہنگائی کا ’وائرس‘ جا گھسا‘ عوام پریشان

عید قربان : مویشی منڈیوں میں مہنگائی کا ’وائرس‘ جا گھسا‘ عوام پریشان
September 11, 2016
لاہور / کراچی (92نیوز) عید قربان سر پر آ گئی مگر قربانی کے جانوروں کے دام کم نہ ہو سکے۔ شہریوں کے منڈیوں کے باربار پھیرے۔ بیوپاری حضرات کم ریٹ لگانے والوں کو لفٹ نہیں کروا رہے۔ تفصیلات کے مطابق عیدالاضحی پر ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی کرے مگر جوں جوں عید قریب آتی جا رہی ہے مہنگائی کا طوفان بھی ساتھ لا رہی ہے۔ ملک بھر سے عوام مویشی منڈیوں کا رخ کر رہی ہے مگر دام سنتے ہی کانوں کو ہاتھ لگا لیتے ہیں۔ عوام کی بڑی تعداد مویشی منڈیوں میں بیوپاریوں کیساتھ بھاﺅتاﺅ میں مصروف ہے۔ کوئی صبح سویرے پہنچ جاتا ہے اور کوئی رات کو وقت نکال کر مویشی منڈی کا رخ کر رہا ہے۔ دام اتنے زیادہ ہیں کہ بہت کم لوگ ہی جانور خریدنے میں کامیاب ہو رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بیوپاریوں نے گزشتہ سال کی نسبت اس سال جانوروں کے ریٹ بہت زیادہ مقرر کر رکھے ہیں۔ چھوٹے جانور کا ریٹ 50 سے 65ہزار کے درمیان جبکہ بڑے جانور کا ریٹ 80ہزار سے ڈیڑھ لاکھ کے درمیان ہے۔ عوام کو قربانی کا شوق تو ہے مگر قیمتیں سن کر اچھے اچھوں کے ہاتھوں کے طوطے اڑ جاتے ہیں۔ مویشی منڈیوں میں ایک جانب کاروبار میں تیزی آگئی ہے۔ دوسری طرف ایسوں کی بھی کمی نہیں جو دور دور سے دیکھنے یا سیلفی بنانے پر اکتفا کر رہے ہیں۔