Monday, May 13, 2024

عید سے پہلے یا بعد پی ڈی ایم کو نئے نعرے کے ساتھ آتے دیکھ رہا ہوں، شیخ رشید

عید سے پہلے یا بعد پی ڈی ایم کو نئے نعرے کے ساتھ آتے دیکھ رہا ہوں، شیخ رشید
March 19, 2021

لاہور (92 نیوز) وزیر داخلہ شیخ رشید نے پروگرام ’’92ایٹ 8‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا، عید سے پہلے یا بعد پی ڈی ایم کو نئے نعرے کے ساتھ آتے دیکھ رہا ہوں۔

شیخ رشید نے دوران گفتگو کہا کہ استعفے پی ڈی ایم کیلئے خودکش حملہ تھا، پی ڈی ایم شائد کوئی اور ایشو لانے کی کوشش کرے گی۔ اپوزیشن کے کیسز ختم کرنے کی بات نہیں ہوسکتی، مذاکرات کے دروازے کھولنے ہیں، بند گلی میں نہیں جانا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ نوازشریف امام خمینی نہیں جو باہر بیٹھ کر انقلاب لائیں، نوازشریف نے اپنی صحت کے حوالے سے کمال کیس لڑا تھا، ہر ٹی وی پر اسٹاک ایکسچینج کی طرح نوازشریف کے پلیٹ لیٹس اوپر نیچے جاتے رہے، آخر کار نوازشریف باہر جانے میں کامیاب رہے۔ شہزاد اکبر نوازشریف کی واپسی کے لیے کوششیں کررہے ہیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو اس طرح کا بیان نہیں دینا چاہئے تھا، میں بھی اس کی مذمت کرتا ہوں، میں انہیں چیف الیکشن کمشنر لگانے کے فیصلے میں شامل نہیں تھا، میرے ساتھ ریلوے میں اُنہوں نے دو سال کام کیا، الیکشن کمشنر بننے کے بعد انہوں نے خود آکر مجھے بتایا تھا۔