Saturday, April 27, 2024

عید الفطر کے دوسرے روز عوام گھروں تک محدود

عید الفطر کے دوسرے روز عوام گھروں  تک محدود
May 25, 2020

لاہور ( 92 نیوز) عید الفطر کے دوسرے روز عوام گھروں  تک محدود  ہیں ، کورونا وائرس کے باعث لگے لاک ڈاؤن نے عید کے رنگ میں بھنگ ڈالا تو گرمی کی شدت نے بھی شہریوں کو گھروں میں رہنےپر مجبور کر دیا،گزشتہ روز کی طرح آج بھی سورج کے تیور گرم ہیں۔

عید الفطر کا دوسرا روز لیکن شہر لاہور پھر بھی سنسان!، ایک طرف کورونا وائرس کا خوف تو دوسری جانب تمازت آفتاب نے شہریوں کے پاؤں جکڑے رکھے ، عید کے پہلے روز سورج کی تپش نے شہریوں کو گھروں میں محصور رکھا تو دوسرے روز بھی آگ برسنے کو تیار ہے۔

عید کے دوسرے روز شہریوں سے بھرا ہوا نظر آنے والا جیلانی پارک بھی لاہوریوں کی راہ تکنے لگا،شہری کہتے ہیں کورونا وائرس نے میٹھی عید پھیکی کر دی جبکہ موسم نے بھی کوئی کثر نہیں چھوڑی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج کم سے کم درجہ حرارت ستائس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو 43 تک جانے کا امکان ہے،آئندہ چوبیس گھنٹے میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور ہوا میں نمی کا تناسب اکیس فیصد رہے گا۔