Monday, May 20, 2024

عہدوں سے کبھی پیار نہیں کیا، گورنر پنجاب

عہدوں سے کبھی پیار نہیں کیا، گورنر پنجاب
April 24, 2019

لاہور ( 92 نیوز) گورنر پنجاب  چوہدری محمد سرور نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک میں گورنر ہوں  اپنی فاؤنڈیشن  کی کسی بھی فنڈریزنگ کا حصہ نہیں بنوں گا ،پنجاب میں ہماری حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ، ہم پانچ سال مکمل کریں گے،کرتار پور بارڈر کھولنے سے وزیراعظم عمران خان نے تین کروڑ سکھ برادری کے دل جیت لیے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران گورنر پنجاب  چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے عہدوں کو ہمیشہ ملک کی مفادات کے لیے استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ 2013 میں گورنر ہاؤس کے لان میں فنڈریزنگ کی اور پانی کے لیے 15 کروڑ روپے اکٹھے کیے لیکن کسی نے یہ نہیں کہا کہ مفادات کا ٹکراؤ ہے ۔

چودھری محمد سرور کا کہنا تھاکہ جو تنقید کی جاتی ہے اس کو میں منفی نہیں مثبت لیتا ہوں،کابینہ میں ردو بدل معمول کی بات ہے استعفیٰ نہیں دےرہا اب عمران خان کی قیادت میں لوگوں کے لیے کام پورا کرنا ہے۔

چوہدری محمد سرور مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ یہ ناممکن ہے لیکن پھر بھی یہ بنی، تاہم اگر کچھ اور فیصلے میری مرضی سے ہوجاتے تو مجھے یقین ہے کہ پنجاب میں بھی ہمیں دو تہائی اکثریت ملتی ۔