Thursday, May 9, 2024

عوامی نیشنل پارٹی کی بزرگ سیاست دان بیگم نسیم ولی خان انتقال کر گئیں

عوامی نیشنل پارٹی کی بزرگ سیاست دان بیگم نسیم ولی خان انتقال کر گئیں
May 16, 2021

پشاور (92 نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کی بزرگ سیاست دان بیگم نسیم ولی خان انتقال کر گئیں۔ مرحومہ اے این پی کے صدر اسفند یار ولی خان کی والدہ تھیں۔

عوامی نیشنل پارٹی کی سابق صوبائی صدر بیگم نسیم ولی 85 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ وہ خان عبد الولی خان کی دوسری اہلیہ اور سابق وزیر اعلیٰ امیر حیدر ہوتی کے دادا امیر محمد خان کی بیٹی تھیں۔ 1975 میں جب ولی خان کی جماعت پر پابندی لگا دی گئی اور ولی خان کو گرفتار کیا گیا تو بیگم نسیم ولی خان سیاست کے میدان میں آئیں اور پارٹی کارکنوں کو فعال کیا اور ان کی شروع کی گئی تحریک کے باعث اسیر سیاسی قیدیوں کو رہائی ملی۔

بیگم نسم ولی 1994 اور پھر 1998 میں اے این پی کی صوبائی صدر منتخب ہوئیں۔ بعد میں پارٹی اختلافات کے باعث پارٹی کی عملی سیاست سے دور رہیں۔ وہ پہلی بار 1977 میں چارسدہ اور مردان سے قومی اسمبلی کی ممبر منتخب ہوئیں اور اس کے چار بار وہ صوبائی اسمبلی کی ممبر بنیں۔ خیبر پختونخوا اسمبلی میں وہ قائد حزب اختلاف بھی رہیں۔

بیگم نسیم ولی خان کو ذیا بیطس کا مرض لاحق تھا اور کچھ عرصے سے علیل تھیں۔ ان کے انتقال پر دوسروں کے علاوہ افغانستان کے صدر اشرف غنی نے بھی افسوس کا اظہار کیا ہے اور خاندان سے تعزیت کی ہے۔