Thursday, March 28, 2024

عوامی نیشنل پارٹی میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے ‏

عوامی نیشنل پارٹی میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے ‏
April 10, 2019

پشاور ( 92 نیوز) عوامی نیشنل پارٹی اندرونی اختلافات کھل کر سامنے آگئے ، شہید ہارون بلور کے بیٹے دانیال بلورنے عوامی نیشنل پارٹی  سے لاتعلقی کا اعلان کیا توپارٹی کے سینئر رہنماء غلام بلوربھی دانیال کی حمایت میں بول پڑے ۔

عوامی نیشنل پارٹی ان دنوں  شدید اندرونی خلفشار کا شکار ہے، پشاور میں اے این پی کی پہچان  بلورخاندان کی بھی پارٹی سے دوریاں بڑھ گئی ہیں۔

عوامی نیشنل پارٹی کے شہید رہنما بشیربلور کے پوتے، شہید ہارون بلور کے بیٹے دانیال بلور نے اپنے والد کا چھوڑا ہوا پارٹی کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات کا عہدہ نہ ملنے پر ناراض ہوکر پارٹی سے مستعفی ہوئے تو خاندان کے سربراہ غلام احمدبلور بھی دانیال کی حمایت میں بول پڑے۔

غلام احمد بلور کا کہنا تھا کہ پارٹی نے بلورخاندان کی قربانیوں کی قدر نہیں کی، پارٹی قیادت کو دانیال کے معاملے میں نہیں پڑنا چاہئے تھا،اپنے خاندان کی قربانیوں اور خدمات پر رونا آرہا ہے۔

غلام احمدبلور کا کہنا تھا کہ پارٹی کی قیادت نے دانیال بلور پر صوبائی سیکریٹری اطلاعات کےعہدے کا الیکشن لڑنے سے دستبرداری کےلئے دباؤ ڈالا۔