Thursday, May 2, 2024

عوامی نمائندوں کو قومی شاہراہوں پر ٹول ٹیکس کی چھوٹ ختم

عوامی نمائندوں کو قومی شاہراہوں پر ٹول ٹیکس کی چھوٹ ختم
December 7, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی حکومت کا وی آئی پی کلچر کے خاتمے کی جانب ایک اور اہم قدم سامنے آیا۔ سینیٹ، قومی اور  صوبائی اسمبلی کے ارکان کا قومی شاہراہوں پر سفر کے دوران ٹول ٹیکس سے استثنی ختم کر دیا گیا۔ وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید کی ہدایت پر این ایچ اے حکام کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سینیٹ ،قومی اور صوبائی اسمبلی کے اراکین کو ٹول ٹیکس کی ادائیگی سے حاصل اثتثنی ختم کر کے ٹیکس کی ادائیگی کا پابند بنا دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی ،ایمبولینسز، فائر برگیڈ ،پاک فوج اور اعلی عدالتوں کے ججز کے لئے ٹیکس سے استثنی کی سہولت برقرار رہے گی تاہم عوامی نمائندوں کو ٹیکس دی گئی سہولت ختم کر دی گئی ہے۔ وزیر مملکت برائے مواصلات نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عوام پر بوجھ اور عوامی نمائندوں کی موج والا سلسلہ ختم کرنا ہو گا۔ عوامی نمائندے محصولات کی ادائیگی میں سرگرمی دکھائیں اور عوام کیلئے مثال بنیں۔ مراد سعید نے مزید کہا کہ تفریق کی بجائے مساوات و برابری کا اصول اپنانا ہوگا۔ ملک بھر میں منتخب عوامی نمائندے دوران سفر جہاں سے بھی گذریں، اپنے حصے کا ٹیکس ادا کریں۔ وزیر مملکت برائے مواصلات کی ہدایت پر جاری نوٹیفکیشن کی کاپی ملک کے تمام ٹول پلازا پر بھجوا دی گئی ہے۔