Monday, May 13, 2024

عوامی اجتماعات پر پابندی کی سفارش، سینما، تھیٹرز اور مزارات فوری بند کرنے کے احکامات

عوامی اجتماعات پر پابندی کی سفارش، سینما، تھیٹرز اور مزارات فوری بند کرنے کے احکامات
November 11, 2020

اسلام آباد(92 نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے کورونا کے پھیلاؤ پر بڑے فیصلے کرلیے، عوامی اجتماعات پر پابندی کی سفارش جب کہ  سینما،تھیٹرز اور مزارات فوری طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے  ۔ تعلیمی اداروں میں سردیوں کی چھٹیاں جلدی اور زیادہ دینے کی سفارش پر وفاقی وزیر تعلیم نے  بین الصوبائی وزرائے تعلیم کاہنگامی اجلاس 16 نومبر کو طلب کرلیا ۔

کورونا کی دوسری لہرمیں شدت کے بعد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے بڑے احکامات اوراہم سفارشات سامنے آگئیں ۔ وفاقی وزیراسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا ، 500 سے زائد افراد کی  شرکت والے تمام اجتماعات پرپابندی کی سفارش کردی ،سینما،تھیٹرزاورمزارات فوری طورپربند کرنے کا حکم دیدیا گیا۔

ریسٹورنٹس پر رات 10 بجے تک باہر بیٹھ کرکھانے اورکھانا گھرلے جانے کی  اجازت ہوگی،این سی اوسی نے کورونا کے ہائی رسک ایریاز میں پابندیاں سخت کرنے ، تعلیمی اداروں میں سردیوں کی چھٹیاں جلدی اورزیادہ کرنے کی سفارش بھی کی۔

این سی اوسی کی سفارشات تمام فریقین کی مشاورت اورقومی قیادت کی منظوری سے لاگو کی جائیں گی ،اجلاس میں کورونا کیسز کے پھیلاؤاورایس او پیز پرعملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

صوبائی چیف سیکرٹریزنے متاثرہ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے بعد کی صورتحال پر بریفنگ دی، اجلاس کو بتایا گیا کہ کورونا کے پھیلاؤ کی شرح میں 3گنا اضافہ ہوا ہے،تعلیمی اداروں میں مثبت کیسز بڑھ رہے ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیرتعلیم نے بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اہم اجلاس 16 نومبر کو دن 11 بجے این سی اوسی میں طلب کرلیا،تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔