Friday, April 19, 2024

عوام کے نمائندہ 352اراکین پارلیمنٹ آئیسکو کے نادہندہ نکلے

عوام کے نمائندہ 352اراکین پارلیمنٹ آئیسکو کے نادہندہ نکلے
January 17, 2017

اسلام آباد (92نیوز) بجلی تو دل کھول کر استعمال کی لیکن بل دیتے وقت کنجوسی دکھا دی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا غفور حیدری، مولانا عطاء الرحمن، سراج الحق سمیت 352ارکان پارلیمنٹ کروڑوں روپے کے نادہندہ نکلے۔ آئیسکو نے فہرستیں جاری کردیں۔

تفصیلات کے مطابق ایوانوں میں بیٹھ کر قانون سازی کرنے والے عوام کے منتخب نمائندوں کو خود قانون کی پروا نہیں۔ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے ایسے 352ارکان پارلیمنٹ کی نشاندہی کردی ہے جو کروڑوں روپے کے نادہندہ ہیں۔

دستاویزات کے مطابق قومی اسمبلی کے مجموعی طور پر 322ارکان نے ایک کروڑ 30لاکھ جبکہ سینیٹ کے 38ارکان نے 28لاکھ روپے کے بل ہی ادا نہیں کئے۔ قومی اسمبلی کے 30ارکان ایسے بھی ہیں جنہوں نے 14برس تک بجلی تو کھل کر استعمال کی لیکن بل نہیں دیے۔ ایسے ارکان میں شاہ عبدالعزیز، پیر اسلم بودلہ، رامیش لال، شگفتہ جمانی، اقبال محمد علی، نبیل گبول، نواب یوسف تالپور بھی شامل ہیں۔

سینیٹ کو دیکھیں تو وہاں بھی ایسے کئی ارکان موجود ہیں جو بل دینے سے انکاری ہیں۔ سراج الحق 3ہزار800، عاجز دھامرہ کے ذمے بھی ایک لاکھ 47ہزارواجبات ہیں۔ دستاویزات کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا غفور حیدری اور مولانا عطاءالرحمن بھی آئیسکو کے نادہندہ ہیں۔