Friday, April 26, 2024

عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے میکانزم تیار کر لیا گیا ہے ، وزیراعظم

عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے میکانزم تیار کر لیا گیا ہے ، وزیراعظم
November 5, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے میکانزم تیار کر لیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ ظہرانے میں وفاقی وزرا سمیت وزیر اعلی پنجاب اور خیبر پختوانخواہ نے شرکت کی۔ گورنر سندھ اور کے پی کے کی بھی ظہرانہ میں شرکت ہوئی ۔ ایم کیو ایم کی نمائندگی سید امین الحق اور خالد مقبول صدیقی نے کی جبکہ پیر پگاڑا، فہمیدا مرزا اور شاہ زین بگٹی بھی موجود تھے ۔ اتحادی جماعتوں نے رائے دی کہ وفاقی محکموں کو مزید متحرک کیا جائے ۔ ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عوام کے مساَئل حل کرنے کے لیے میکانزم تیار کر لیا گیا ہے ۔ جب حکومت ملی ملک ڈیفالٹ ہونے کے دہانے پر تھا ۔ 17 سال بعد کرنٹ اکاونٹ خسارہ مثبت ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی ٹیم نے محنت کی اور ملکی معیشت کو استحکام ملا۔ مسلم لیگ ق نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ ذرائع کے مطابق پارٹی کی قیادت نے موقف اپنایا کہ دو سال میں وزیراعظم کی جانب سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی ۔ ق لیگ نے گندم کا سرکاری ریٹ دو ہزار مختص کرنے کی درخواست کی تھی جو نہیں مانی گئی ۔ ذرائع کے مطابق ظہرانے میں شاہ زین بگٹی نے لاپتہ افراد کی بازیابی کا معاملہ اٹھا یا اور کہا بلوچستان کا سب سے اہم مسئلہ لاپتہ افراد کا ہے۔ وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں سینکڑوں لاپتہ افراد بازیاب کرائے ہیں۔ اختر مینگل کی لسٹ میں شامل اکثریتی لاپتہ افراد گھر پہنچ گئے ہیں۔ جام کمال نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں بلوچستان میں سب سے زیادہ ترقیاتی کام ہوئے۔ وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ہم کارکردگی کی بنیاد پر اگلا الیکشن لڑیں گے۔ اپوزیشن جو چاہتی ہے وہ ہم نہیں کر سکتے۔