Tuesday, May 14, 2024

عوام کے لیے اچھی خبر ، منی بجٹ میں ٹیکس نہیں لگایا جائے گا

عوام کے لیے اچھی خبر ، منی بجٹ میں ٹیکس نہیں لگایا جائے گا
February 12, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) عوام کے لئے خوشخبری آ گئی۔ منی بجٹ میں ٹیکس نہیں لگایا جائے گا ۔ 92 نیوز نے محصولاتی خساروں کے اعدادوشمار بھی حاصل کر لیے۔ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور مشن برائے پاکستان کے چیف کی سربراہی میں پاک آئی ایم ایف مذاکرات مکمل ہو گئے۔ مذاکرات میں منی بجٹ نہ لانے پر اتفاق کیا گیا۔ فریقین نے اتفاق کیا کہ جون تک 200 ارب روپے تک ٹیکسز میں اضافہ ہو گا نہ ٹیکس ہدف میں کمی ہو گی۔ محصولات بڑھانے کے لیے نان ٹیکس آمدن بڑھائی جائے گی۔ نان ٹیکس آمدن میں 400 ارب روپے اضافہ کیا جائے گا۔ سیلز ٹیکس کا ریٹ 18 فی صد نہیں ہو گا۔ شرح 17 فی صد پر ہی برقرار رہے گی۔ نجکاری کے روڈ میپ پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ممبران لینڈ ریونیو ڈاکٹر عتیق سرور نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں بتایا کہ محصولات کا خسارہ ایک ہزار ارب روپے پر بھی آجائے تو منی بجٹ نہیں آئے گا ۔ آئی ایم ایف کے نزدیک منی بجٹ لانا مناسب نہیں۔ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ  مذاکرات میں  منی بجٹ کے اعشاریے بھی سامنے لائے گئے۔ ان اعشاریوں کو بجٹ مینجمنٹ کا نام دیا گیا۔ تاہم آئندہ مالی سال کے تخمینوں کے فائنل ہونے سے پہلے آئی ایم ایف ہیڈ کوارٹرز منی بجٹ کو سپورٹ نہیں کریگا۔ وزارت خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ خسارے اور نقصانات میں کمی کا روڈ میپ تیار کرلیا گیا۔ آئی ایم ایف مالیاتی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے پر بھی مطمئن ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ فریقین 10 روزہ مذاکرات کا الگ الگ اعلامیہ جاری کریں گے۔