Saturday, May 4, 2024

عوام کیلئے خوشخبری، پٹرول پانچ روپے سستا ہوگا یا پندرہ روپے، فیصلہ آج ہوگا

عوام کیلئے خوشخبری، پٹرول پانچ روپے سستا ہوگا یا پندرہ روپے، فیصلہ آج ہوگا
February 29, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) عوام کو خوشخبری ملے گی یا بڑی خوشخبری؟.پٹرول پانچ روپے سستا  ہوگا یا پندرہ روپے، فیصلہ آج ہوگا، وزیراعظم نے یکم مارچ کو عوام کو بڑا ریلیف دینے کے لیے وزارت خزانہ کو ہدایات جاری کردی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم پٹرول 15 روپے فی لٹر سستا کرنے کی ہدایت کرچکے، وزارت خزانہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 5 سے 7روپے فی لٹر کمی کرنا چاہتی ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 20 فیصد کمی پر مارچ کے مہینے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پاکستانیوں کو بھی ریلیف ملنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق اوگرا نے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں ساڑھے 7 روپے تک کمی کی سفارش کردی۔ مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں بھی کمی کی تجویز زیر غور ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیراعظم کی مشاورت سے کرے گی۔ سمری منظور ہونے کی صورت پٹرول کی قیمت ایک سو سولہ روپے ساٹھ پیسے سے کم ہو کر ایک سو دس روپے ساٹھ پیسے ہو جائے گی۔ ڈیزل کی قیمت ایک سو ستائیس روپے چھبیس پیسے سے کم ہو کر ایک سو انیس روپے چھہتر پیسے فی لٹر ہو جائے گی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔