Saturday, April 27, 2024

عوام کیلئے خوشخبری، بجلی 3روپے 36پیسے فی یونٹ سستی ہوگئی

عوام کیلئے خوشخبری، بجلی 3روپے 36پیسے فی یونٹ سستی ہوگئی
February 28, 2017

اسلام آباد (92نیوز) نيپرا نے بجلی کے نرخوں ميں تين روپے چھتيس پيسے فی يونٹ کمی کی منظوری دے دی۔ صارفين کو مجموعی طور پر بيس ارب کا ريليف ملے گا، ناردرن پاوور جنريشن کمپنی کا نو ارب روپے سے زائد کا کليم بھی مسترد کر ديا گيا۔ چيئرمين نيپرا طارق سدوزئی کہتے ہيں عوام کو مہنگی بجلی دينے کی اتھارٹی ہرگز اجازت نہيں دے گی۔

بجلی کے نرخوں ميں کمی کے حوالے سے نيپرا اتھارٹی نے چيئرمين طارق سدوزئی کی سربراہی ميں سنٹرل پاوور پرچیزنگ ايجنسی کی درخواست کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران چيئرمين نيپرا نے پاوور سيکٹر کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کيا۔ ان کا کہنا تھا کہ يکپکو اور ديگر پلانٹس کو ڈيزل پر چلايا جا رہا ہے۔ سيف اورينئٹ، سفائر اور ہيلمور کو گيس نہيں دی  جا رہی ليکن مظفرگڑھ، جام شورو اور ديگر کم پيداواری صلاحيت کے پلانٹس کو گيس دی جا رہی ہے۔

اکياون فيصد صلاحيت کے پلانٹ کو گيس ميسر نہيں ليکن اکيس فيصد صلاحيت والے کو ميسر ہے۔ يہی عمل مہنگی بجلی پيدا کرنے کا باعث ہے۔ انہوں نے نندی پور پاوور پلانٹ کی کارکردگی اور ٹيرف کے حوالے سے بھی تحفظات کا اظہار کيا جبکہ سماعت کے دوران نيپرا نے ناردرن پاوور جنريشن کا دوہزار چھ کا نو ارب سے زائد کا کليم مسترد کرتے ہوئے کہا کہ يہ ادارے کی نااہلی ہے جس کو گيارہ سال بعد عوام پر نہيں ڈالا جا سکتا۔

اتھارٹی نے سی پی پی اے کی ايک روپيہ باسٹھ پيسے فی يونٹ کمی کی درخواست کی سماعت کے بعد تين روپے چھتيس پيسے فی يونٹ کمی کی منظوری دی۔ نرخوں ميں کمی ماہانہ فيول ايڈجسٹمنٹ کی مد ميں  ماہ جنوری کے لئے کی گئی جس کا ريليف صارفين کو آئندہ بلوں ميں ملے گا۔ کمی کا اطلاق کے اليکٹرک کے علاوہ بجلی کی تمام تقسيم کار کمپنيوں کے صارفين پر ہو گا،جبکہ زرعی اور لائف لائن صارفين پر بھی اس کا اطلاق نہيں ہو گا۔