Sunday, May 12, 2024

عوام کیلئے بری خبر، حکومت نے منی بجٹ کی تیاریاں شروع کردیں

عوام کیلئے بری خبر، حکومت نے منی بجٹ کی تیاریاں شروع کردیں
December 26, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) عوام کے لئے بری خبر حکومت نے منی بجٹ کی تیاریاں شروع کردیں۔ بجٹ خسارہ بے قابوہوگیا۔ صوبوں سے ایک ہزار ارب روپے کی کٹوتیاں بھی کارگر ثابت نہ ہو سکیں، عوام پر گیس اور بجلی کے بم گرائے جائیں گے۔ سیلز ٹیکس، کسٹم ڈیوٹی اور ریگولیٹری ڈیو ٹی میں اضافہ کیا جائے گا۔ وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق ریونیو میں کمی کے باعث خسارے کو پورا کرنے کے لئے 4 بڑے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ چاروں اقدامات منی بجٹ کا حصہ ہوں گے۔ گیس سے ملنے والا ریونیو کم از کم 10 فیصد بڑھایا جائے گا، بجلی کے بلوں سے ملنے والا ریونیو کم ازکم 5 فیصد بڑھایا جائے گا۔ اس معاملے پر صوبوں کو اعتماد میں لیا جارہا ہے۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق ٹیکس اور نان ٹیکس ریونیو سے صوبوں کو موجودہ مالی سال این ایف سی ایوارڈ کے تحت اضافی رقم ملنے کی امید نہیں۔ صوبوں کو واجب الادا یہ رقم اسٹیٹ بینک کے پاس رکھوانا ہو گی۔ صوبے این ایف  سی ایوارڈ کے تحت ٹیکسوں سے ملنے والی اضافی رقم خرچ نہیں کر سکیں گے۔ اخراجات رو ک کر صوبوں کو پہلے بجٹ سرپلس بنانا ہوگا۔ آئی ایم ایف پروگرام کی مدت ختم ہونے تک بجٹ سرپلس کو 1000 ارب روپے تک لے جانا ہوگا۔ ذرائع کے مطابق 39 ماہ کے آئی ایم ایف قرض پروگرام کے دوران صوبے وفاق کا بجٹ خسارہ کم کرنے میں تعاون کے پابند ہوں گے۔ آئی ایم ایف کی کنٹری ڈائریکٹر نے اسی ہفتے اس سلسلے میں میڈیا سے گفتگو میں صوبوں کو تعاون پر زور دیا تھا۔ پنجاب کو موجودوہ بجٹ کی پہلی سہ ماہی میں 32 ارب 33 کروڑ روپے کی کمی ہوئی۔ سندھ کو رقم فراہمی میں 18 ارب 34 کروڑ روپے کی کمی ہوئی، خیبر پختونخوا کو رقم فراہمی میں 10 ارب 71 کروڑ روپے کم ہوئی تاہم بلوچستان کو 10 ارب 76 کروڑ روپے اضافہ فراہم ہوا۔