Wednesday, April 24, 2024

عوام کی زندگی میں ہر ممکن سہولیات لانے کیلئے سرگرم عمل ہیں، شبلی فراز

عوام کی زندگی میں ہر ممکن سہولیات لانے کیلئے سرگرم عمل ہیں، شبلی فراز
December 13, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کہتے ہیں کہ عوام کی زندگی میں ہر ممکن سہولیات لانے کیلئے پرعزم اور سرگرم عمل ہیں۔

شبلی فراز نے ٹویٹ میں لکھا کہ کورونا وباء کے باوجود عمران خان کی دانشمندانہ حکمت عملی کی بدولت پاکستان کی معیشت اور روزگار رواں دواں اور انسانی زندگیاں محفوظ ہیں۔

اُنہوں نے لکھا کہ چیلنجز کے باوجود پاکستان کے معاشی اشاریے مثبت ہیں، مالی سال کی پہلی ششماہی میں ترسیلات زر میں 27 فیصد، غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری میں 150 فیصد اور سیمنٹ کی پیداوار میں 17 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ نومبر میں کار سیل میں 68 فیصد اضافہ ہوا۔ ٹریکٹرز، موٹر سائیکلز کی فروخت میں بھی واضح اضافہ ہوا۔

ٹویٹ میں مزید لکھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت عوام کے روشن مستقبل کے لئے کوشاں ہے، ترقی کا یہ سفر اسی رفتار کے ساتھ جاری رہے گا۔

اس سے دو روز قبل شبلی فراز کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا نوازشریف، آصف زرداری اور فضل الرحمٰن کرپشن کے سلطان ہیں۔ لوگوں کو بیچنا اور خریدنا اِن کے ادوار میں شروع ہوا۔ انہوں نے ایسا ماحول بنایا جس میں صرف پیسے والے لوگ سیاست کرسکیں، ذاتی کرپشن کو ٹھنڈا کرنے کے لیے کرپشن کے نئے لیول بنائے۔ اُنہوں نے پیسہ باہر کے ممالک میں بھیجا اور باہر ہی جائیدادیں خریدیں۔

انہوں نے کہا اِن سب کے راستے اور منزلیں بھی مختلف ہیں، اگر انہیں راستہ چاہئے ہے تو ہم انہیں دے دیں گے لیکن این آر او نہیں دیں گے۔ اب یہ آر پار کی باتیں کرنے لگے ہیں، یہ جانتے ہیں ان کی سیاست ہمیشہ کے لیے دفن ہونے والی ہے، انہوں نے استعفوں کا ڈھونگ رچایا ہے، یہ دے دیں استعفے ہم پر کوئی پریشر نہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے کچھ ایم این ایز ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں، اپوزیشن سے کہتا ہوں جلسے دو تین مہینے کیلئے ملتوی کر دیں۔ غیرذمہ دارسیاسی جماعتوں کا اکٹھ اور سرگرمیاں بھی کورونا کے اضافے کا باعث بنیں گی۔