Friday, March 29, 2024

عوام کی حفاظت کے لیے حکومت کو مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں ، چودھری محمد سرور

عوام کی حفاظت کے لیے حکومت کو مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں ، چودھری محمد سرور
April 1, 2020
لاہور (92 نیوز) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا عوام کی حفاظت کے لیے حکومت کو مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں۔ چوہدری سرور نے کہا کرونا سے بچاؤ کے لیے عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے حکومت کا ساتھ دیں۔ سماجی میل جول میں فاصلے رکھ کر کرونا کو شکست دینا ہو گی۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا تھا وزیر اعظم عمران خان کہ قیادت میں غریبوں کو راشن کی فراہمی کے لیے روڈ میپ تیار کیا گیا ہے۔ حکومت غریب طبقے کو راشن کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا یہ وقت تنقید کا نہیں قوم کی حفاظت اور مستحق طبقے کی مدد کرنے کا ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں اور مخیر حضرات ضرورت مندوں کا بھی ساتھ دیں۔ عوام ٹیلی میڈیسن کی سہولت سے مستفید ہو کر ہسپتال جانے سے بھی گریز کریں۔ یاد رہے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ملک بھر میں لاک ڈاؤن چودہ اپریل تک بڑھا دیا گیا۔ وفاقی وزیر اسد عمر اور معاون خصوصی صحت ظفر مرزا نے قومی رابطہ کمیٹی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ آج مشترکہ طور پر فیصلہ ہوا کہ یکم سے 14 اپریل تک موجودہ صورتحال کو جاری رکھا جائیگا۔ 14 اپریل سے پہلے این سی سی میٹنگ میں فیصلہ کرینگے بندشیں کم کی جائیں یا بڑھائی جائیں۔ وہ سروسز اور صنعتیں جو بنیادی ضرورت کی چیزیں بناتی ہیں کھلی رہیں گی۔ کھانے پینےکی اشیا، ادویات کی صنعتوں کو مکمل طور پر کھلا رکھنا بہت ضروری ہے۔ گڈز ٹرانسپورٹ پر کوئی بندش نہیں ہو گی۔ ایک آدھ شکایات آرہی ہیں۔ تمام فریقین نے یقین دہانی کرائی این سی سی کے فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔ دوسری طرف کورونا سے بچاؤ کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اہم فیصلہ کر لیا ، پنجاب میں دکانیں صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھلیں گی۔ میڈیکل اسٹورز اور فارمیسی کو نئے اوقات کار کی پابندی سے استثنیٰ ہو گا ، نئے اوقات کار پر یکم اپریل سے عملدرآمد شروع ہو گا۔