Saturday, May 4, 2024

عوام کی بے احتیاطی سے کورونا کیسز بڑھنے لگے، مزید 33 مریض چل بسے

عوام کی بے احتیاطی سے کورونا کیسز بڑھنے لگے، مزید 33 مریض چل بسے
May 16, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد عوام کی بے احتیاطی نے صورتحال بگاڑ دی، ملک بھر میں کیسز کی تعداد مسلسل بڑھنے لگی۔ مزید 33 افراد کی اموات کے بعد مجموعی تعداد 803 ہو گئیں۔ عوام کی بے احتیاطی نے صورتحال گھمبیر بنا دی، ملک میں کورونا کیسز میں روز بروز اضافہ ہونے لگا، وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 37 ہزار 218 ہو گئی، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں قاتل کورونا وائرس مزید 33 مریضوں کی جان لے گیا، ملک میں مجموعی اموات کی تعداد 803 ہو گئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق اس وقت سب سے سندھ میں 14099 افراد کورونا سے متاثر ہوئے، پنجاب میں 13,914، خیبرپختونخواہ میں 5,423 اور بلوچستان 2310 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے گڑھ لاڑکانہ میں کورونا وائرس نے پنجے گاڑ لئے، کھچی محلہ، الہ آباد محلہ، علی گوہر آباد میں باسٹھ افراد میں وائرس پایا گیا، ڈپٹی کمشنر نے لاڑکانہ میں سخت لاک ڈاون کی سفارش کردی۔ حکومت نے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ماسک پہننے کی پابندی کیلئے نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔ خیبرپختونخوا کے ڈاکٹرز کورونا کے خلاف ناکافی انتظامات پر دلبرداشتہ ہوگئے، سب سے بڑے تدریسی اسپتال لیڈی ریڈنگ میں سینئر خاتون ڈاکٹر نے استعفیٰ دے دیا، ایسوسی ایٹ پروفیسر عائشہ مفتی نے اپنا استعفیٰ ڈپارٹمنٹ کے سربراہ کو بھجوا دیا۔