Friday, May 10, 2024

عوام کو پٹرولیم پر ریلیف کیوں نہ ملا؟ وزیراعظم عمران خان سخت ناراض

عوام کو پٹرولیم پر ریلیف کیوں نہ ملا؟ وزیراعظم عمران خان  سخت ناراض
June 10, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) عوام کو پٹرولیم پر ریلیف نہ ملنے پر وزیراعظم عمران خان سخت ناراض ہو گئے۔ پٹرول کی قلت پر ہنگامی میٹنگ میں وفاقی وزیر عمر ایوب اور معاون خصوصی ندیم بابر کو لائن حاضر کر لیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے استفسار کیا کہ بتایا جائے ابتک کیا اقدامات کیے گے ہیں، مجھے کسی کے پریشر کی پروا نہیں۔ اداروں کو اپنا کام کرنا ہو گا۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ  1 کروڑ 75 لاکھ لٹر اٹک ریفائنری کے پاس موجود ہے جو آگے سپلائی نہیں کیا جا رہا ، آے آر ایل ریفائنری نارتھ ریجن کو تیل سپلائی کرتا ہے اور زیادہ وہاں ہی مسائل ہیں۔ او ایم سیز کا کیماڑی اور پورٹ قاسم میں ہورڈنگ پر بھی وزیراعظم کو بریف کیا گیا۔ وزیراعظم نے سخت ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ جو جو کمپنی ہورڈنگ میں ملوث ہے ان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں ایف آئی اے بھی پٹرول اور ڈیزل کی ذخیرہ اندوزی کیخلاف متحرک ہو گئی۔ ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کی جانب سے نجی کمپنیوں کے سی ای اوز کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے جبکہ  3 کمپنیوں کے سی ای اوز کو 11 جون کر طلب کرلیا۔ کراچی میں ایف آئی اے ٹیم نے چھ نجی کمپنیوں کے آئل ٹرمینلز پر چھاپے مارے جہاں تیل کمپنیوں کے ڈیپوز  میں ذخیرہ اندوزی کے بڑے شواہد ملے۔ پٹرولیم ڈویژن نے بھی  دو آئل مارکیٹنگ کمپنیوں پر پٹرول کی بلیک مارکیٹنگ اور  ذخیرہ اندوزی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی سفارش کر دی ہے۔