Wednesday, April 24, 2024

ہمیں احتساب سے کوئی ڈر نہیں احتساب کرو ،بلاول بھٹو زرداری

ہمیں احتساب سے کوئی ڈر نہیں احتساب کرو ،بلاول بھٹو زرداری
July 3, 2018
ٹنڈو محمد خان ( 92 نیوز ) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں احتساب سے کوئی ڈر نہیں ، احتساب کرو ، پنجاب اور کے پی حکومتوں نے پانی کے حوالے سے  کوئی منصوبہ نہیں بنایا ، کٹھ پتلی اتحاد والے پانی پر شور مچا رہے ہیں۔ الیکشن 2018 کے سلسلے میں بلاول بھٹو زرداری کی انتخابی مہم کا دوسرا روز  ہے ، جیالوں کے نوجوان قائد جہاں پہنچے شاندار استقبال کیا گیا  ، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ جیالے پارٹی ترانوں پر رقص کرتے رہے  ۔ بلاول بھٹو زرداری بڑے قافلے کے ساتھ ٹنڈو محمد خان پہنچے  تو جیالوں نے اُن کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ نوجوان لیڈر نے بھی اپنے پرجوش خطاب سے کارکنوں کا لہو خوب گرمایا  اور کہا کہ پی پی پی کو احتساب سے کوئی ڈر نہیں  ،احتساب کریں ۔ بلاول بھٹو زرداری نے  ایک تیر سے دو شکار کئے  اور پنجاب اور کے پی حکومت کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا  جبکہ پی پی پی کے خلاف بننے والے اتحاد کو بھی آڑے ہاتھوں لیا ۔ اس سے پہلے  بلاول بھٹو زرداری نے حیدرآباد سے الیکشن مہم کے دوسرے روز کا آغاز کیا  تو جیالوں کی ایک بڑی تعداد اُن کے ہمراہ تھی  جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بی بی کے بیٹے کا پہلا الیکشن ہے وہ ہمیں آسان راستہ نہیں دیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے منشور میں بھوک مکاؤ پروگرام شامل ہے  ،  ہم الیکشن جیتنے کیلئے نہیں لڑتے ہم پالیسی کیلئے لڑتے ہیں۔