Friday, April 19, 2024

عوام کو آئندہ ماہ گھربیٹھے فرد ملے ‏گی،عثمان بزدار

عوام کو آئندہ ماہ گھربیٹھے فرد ملے ‏گی،عثمان بزدار
June 12, 2019
لاہور(ویب ڈیسک)پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں آن لائن فرد ملکیت کے اجرا کا فیصلہ کرلیا ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ یکم جولائی سے گھر بیٹھے آن لائن فردملکیت کے حصول کا سسٹم فعال ہوجائے گا،اس ضمن میں گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بینکوں میں فرد ملکیت کے اجرا کے لئے علیحدہ کاؤنٹرزقائم کیے جائیں گے اوراس اقدام سے فرد ملکیت کے حصول میں مزید آسانی ملے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کی سہولت کیلئے ہر لینڈ ریکارڈ سینٹرزمیں ریونیو واجبات جمع کرانے کا انتظام کیا جائے   لینڈ ریکارڈ سینٹرزکے دائرہ کار کو بڑھانے کے منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے اورسرکاری عمارتوں میں مستقبل بنیادوں پر لینڈ ریکارڈ سنٹرز قائم کیے جائیں۔ ڈاکٹر سلمان شاہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے نئے ایڈوائزر تعینات انہوں نے کہا کہ ریونیو امور سے متعلقہ عوام کی شکایات کا فوری ازالہ ضروری ہے ،عوام کی سہولت کے کسی بھی پراجیکٹ میں تاخیرتکلیف دہ امر ہے اور میں اپنے عوام کو تکلیف اورمسائل کا شکار دیکھ کر خوش نہیں رہ سکتا،انہوں نے کہا کہ سرکاری اراضی کو لیز پر دے کر کاشتکاری کے فروغ کا شفاف نظام لایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ  ریونیو سٹاف سے متعلق بدعنوانی کی شکایات قطعاً قابل برداشت نہیں،محکمہ مال سے متعلق امور میں کرپشن کے خاتمے کیلئے ہیلپ لائن /کال سنٹر کو مزیدفعال کیا جائے ،علاوہ ازیں انہوں نے کہاہے کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اورفنڈزکے درست استعمال کویقینی بنانے کیلئے کڑی مانیٹرنگ کی جا ئے گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم،اینٹی کرپشن اورمتعلقہ محکموں کو ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کی ذمہ داری سونپ دی ہے ،وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ترقیاتی منصوبوں سمیت ڈیر ہ غازی خان ڈویلپمنٹ پیکیج کی نگرانی کیلئے موثر میکانزم تشکیل دے دیاگیا،وزیراعلیٰ نے منصوبوں کی کڑی مانیٹرنگ کے میکانزم پر من وعن عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم،اینٹی کرپشن اورمتعلقہ محکمے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت یقینی بنائیں اورترقیاتی منصوبوں کی سخت نگرانی کا عمل ہر سطح پر جاری رکھا جائے ۔ علاوہ ازیں چائلڈ لیبر کے عالمی دن کے موقع پر انہوں نے کہا کہ چائلڈ لیبر ایک سماجی ومعاشی مسئلہ ہے جس کے پس پردہ کئی عوامل کارفرما ہیں، دنیا بھر کے مروجہ قوانین کے مطابق بچوں سے مشقت لینا مجرمانہ فعل ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے موٹروے پر حافظ آباد کے قریب ٹریفک حادثے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بلوچستان کے علاقے وندرمیں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔بعدازاں انہوں نے مشکل حالات میں بہترین، متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پروزیراعظم عمران خان،وزیر مملکت ریونیوحماد اظہر اور ا ن کی ٹیم کو مبارکباد دی ہے ۔