Tuesday, April 23, 2024

عوام کسی سستے حج پیکج کے جھانسے میں نہ آئیں ، نورالحق قادری

عوام کسی سستے حج پیکج کے جھانسے میں نہ آئیں ، نورالحق قادری
February 13, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا عوام کسی سستے حج پیکج کے جھانسے میں نہ آئیں۔ وزارت مذہبی امور میں حج پالیسی کے خفیہ اجراء کے بعد آ خر کار وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے باضابطہ اعلان کر دیا ۔ ان کا کہنا تھا جن کے پاس حج کوٹہ نہیں وہ سستے پیکج کا دعویٰ کرتے ہیں ۔ عوام کسی کے جھانسے میں نہ آئیں ۔ کوٹہ کے حامل رجسٹرڈ نجی آپریٹرز سستا حج کرانے کی سہولت دیں تو انعام دیں گے ۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا حج مہنگا کرنے کی کوئی پالیسی نہیں البتہ ڈالر کی اڑان، فضائی کرایوں میں اضافہ اور سعودی ٹیکسز کے باعث پیکج میں 1لاکھ 57 ہزار کا اضافہ ہوا ۔ ہمارا پیکج اب بھی بھارت، ایران، بنگلہ دیش اور ملائشیا سے کم ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا سرکاری عازمین کو ای ویزا، کوئٹہ سے براہ راست فلائٹ اور گلگت بلتستان میں عارضی حاجی کیمپ قائم کرینگے ۔ تمام عازمین کی تربیت لازمی ہو گی ۔ حج پیکیج مہنگا ہونے پر پرائیویٹ ٹور آپریٹرز نے سستا پیکیج دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ ایسوسی ایشن آف آل پاکستان انرولڈ کمپنیز نے 3 لاکھ 80 ہزار 60 روپے کا حج پیکیج تیار کیا تھا۔ ٹور آپریٹرز کی جانب سے پرائیویٹ حج پیکیج کو عزیزیہ حج 2019 کا نام دیا گیا ہے ۔ ایپک کے سرپرست اعلی شاہ جہاں خلیل کہتے ہیں حکومت ذمہ داری دے ، پاکستانیوں کو سستا حج پیکیج دیں گے ۔