Saturday, April 20, 2024

عوام کا سمندر سلیکٹڈ حکومت کو بہا لے جائے گا، شہباز شریف

عوام کا سمندر سلیکٹڈ حکومت کو بہا لے جائے گا، شہباز شریف
November 1, 2019
اسلام آباد (92 نیوز)عوام کا سمندر سلیکٹڈ حکومت کو بہا لے جائے گا، عمران نیازی کی کنٹینر کی سیاست آج ختم ہو رہی ہے، شہباز شریف نے آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب میں کہا کہ تبدیلی پہلے نہیں آئی تھی، تبدیلی اب آئی ہے، محموداچکزئی، خواجہ آصف، میاں افتخارحسین سمیت دیگر سیاسی رہنماء بھی مولانا فضل الرحمٰن کے ہمراہ کنٹینرپر موجود ہیں۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف دور میں مہنگائی نچلی ترین سطح پر آگئی تھی، 50 لاکھ گھروں کی تو دور کی بات عمران نیازی نے تو لوگوں سے چھت چھین لی ہے، میں نے 72سال سے پاکستان میں اس سے بدتر حکومت نہیں دیکھی، کے پی کے کو تباہ کر دیا، عمران خان کا دل پتھر کا ہے، ایک کروڑ نوکریاں تو دور کی بات تم نے تو لاکھوں کو بیروز گار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی معیشت دم توڑ گئی ہے، آج وقت آگیا ہے کہ اس جعلی حکومت سے جان چھڑا لی جائے، یہ اس تحریک کا پہلا حصہ ہے ہمیں اس تحریک کو آگے بڑھانا ہے، ہم موجودہ اتحادیوں کےساتھ حکومت بناکر چھ ماہ میں ملک ٹھیک کردیں گے۔ وہ مزیدبولے کہ کنٹینرکی سیاست،بدکلامی کی سیاست عمران خان نے شروع کی،عمران خان نیازی کے آتے ہی اسپتال بند ہوگئے، مزدور بے روز ہوگئے، کاروبار ختم ہوگئے، بیوہ اور یتیم آج جھولیاں اٹھا کر بد دعائیں دے رہے ہیں، عمران خان کی حکومت نے 22 کروڑ عوام کی چیخیں نکال دیں۔ شہبازشریف نے کہا کہ روٹی مہنگی ہوگئی، ڈاکٹرز اور نرسز سڑکوں پر ہیں، آج حکومت نے غریب لوگوں سے دوائیاں بھی چھین لیں، آج ڈینگی سے کئی لوگ مر رہے ہیں، عمران نیازی نظر نہیں آئے۔ نوازشریف کے دور میں غریب لوگوں کو مفت دوائیاں ملتی تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزادی مارچ پر مولانا فضل الرحمان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج  یہاں لاکھوں لوگ جمع ہیں۔