Sunday, September 8, 2024

عوام نے ثابت کر دیا کہ ان کی طاقت کو نہیں روکا جا سکتا: مریم نواز

عوام نے ثابت کر دیا کہ ان کی طاقت کو نہیں روکا جا سکتا: مریم نواز
September 18, 2017

لاہور (92 نیوز) مسلم لیگ نون نے این اے 120 کا ضمنی انتخاب جیتنے کے بعد ماڈل ٹاؤن میں جشن منایا۔ پارٹی کی مرکزی رہنما مریم نواز کہتی ہیں کہ 60 ہزار ووٹ 60 لاکھ کے برابر ہیں۔ عوام نے ثابت کر دیا کہ ان کی طاقت کو نہیں روکا جا سکتا۔ حلقے کے عوام کی خدمت کا وعدہ کرتی ہوں۔

قومی اسمبلی کے حلقے این اے 120 کے انتخاب میں کامیابی کے بعد مسلم لیگ نون کے کارکن بڑی تعداد میں ماڈل ٹاون سیکرٹریٹ کے باہر پہنچ گئے۔ کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ کے 60 ہزار ووٹ 60 لاکھ کے برابر ہیں۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پولنگ کے دوران بہت سے مسائل پیدا کیے گئے، شیر کی پرچی پر کارکنوں کو ووٹ نہیں ڈالنے دیا گیا۔

مسلم لیگ نون کی مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ ثابت ہو گیا کہ لاہور نواز شریف سے محبت کرتا ہے۔ وعدہ کرتے ہیں کہ حلقہ این اے 120 کے عوام کی خدمت کریں گے۔ آپ دعا کریں کہ میری ماں جلد صحت یاب ہو کر وطن واپس آئے۔