Thursday, April 18, 2024

عوام دشمن بجٹ قبول نہیں کریں گے ، بلاول بھٹو

عوام دشمن بجٹ قبول نہیں کریں گے ، بلاول بھٹو
June 12, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا عوام دشمن بجٹ قبول نہیں کریں گے۔ اپوزیشن کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا سول بالادستی قائم کرنے تک مسائل حل نہیں ہوں گے۔ گرفتاریاں حکومت کے خلاف عوامی احتجاج سے روکنے کیلئے کی جا رہی ہیں۔ ہم نہیں جھکیں گے۔ بلاول بھٹو بولے نیب فقط حزبِ اختلاف کو ہی نشانہ بنا رہا ہے۔ نیب چیئرمین نے کہا تھا کہ حکومتی ارکان کے خلاف کارروائی کی تو حکومت گِر جائے گی۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا آئی ایم ایف کے تجویز کردہ بجٹ کے نفاذ کا خوف درست ثابت ہوچکا۔ کٹھ پتلی حکومت حق حکمرانی کھوچکی ہے۔ بجٹ سے توجہ ہٹانے کیلئے پہلے احتساب کے نام پر اپوزیشن راہنماؤں کو گرفتار کیا گیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا اگر بجٹ عوام دوست ہوتا تو میں حکومت کی حوصلہ افزائی کیلئے تیار تھا۔ بجٹ تقریر کی نقول اپوزیشن کو مہیا نہیں کی گئیں۔ بے بس عوام پر ٹیکسوں کا سونامی لادنے پر انتہائی تشویش ہے۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بولے بالکل واضح ہے کہ ٹیکسوں کی بھرمار کی وجہ سے کاروباری ادارے اپنی تجارت نہیں کر سکتے۔ ٹیکسوں کی بھرمار کی وجہ سے مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا حکومت نے ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر دینے کا وعدہ کیا تھا۔ ٹیکسوں کی بھرمار میں ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھروں کے وعدوں کی تکمیل کہیں نظر نہیں آئی۔